دمام کے کنگ فہد ایئرپورٹ پر سات دن میں اڑھائی لاکھ مسافروں کی آمد
سات دنوں کے دوران دو ہزار سے زیادہ پروازیں آئیں ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد میں 19 جون سے 26 جون( یکم ذی الحجہ سے 8 ذوالحجہ تک) 2022 کے مساوی مدت کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دمام ایئر پورٹس کمپنی جو ٹرانسپورٹ کے مرکز کو چلاتی ہےنے بتایا کیا کہ سات دنوں میں دو لاکھ 50 ہزار افراد اس سہولت سے گزرے۔
کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس دوران دو ہزار سے زیادہ پروازیں آئیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 15 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دمام ایئر پورٹس کمپنی کے سی ای او محمد الحسنی نے مشرقی صوبے میں اپنے آپریشن کے تحت تمام ایئر پورٹس پر سفری تجربے کو بڑھانے کے لیے کمپنی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
محمد الحسنی نے وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سروسز، جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے صدر اور ایئرپورٹس ہولڈنگ کمپنی کی طرف سے فراہم کردہ تعاون اور توجہ کا شکریہ ادا کیا۔
سی ای او نے وژن 2030 میں بیان کردہ اہداف اور نیشنل ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس سروسز کی حکمت عملی کے حصول کے لیے اپنے عزم کے حصے کے طور پر آپریشنل توسیع میں دمام ایئر پورٹس کمپنی کی قابل ذکر پیش رفت کو بھی اجاگر کیا جس میں ہوا بازی کے شعبے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
دمام ایئر پورٹس کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ 2023 کے آغاز سے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازوں کی مجموعی تعداد 37 ہزار 500 سے زیادہ ہو گئی ہے جو 2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں 12 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
دمام ایئرپورٹس کمپنی نے 2023 میں کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کامیابی کے ساتھ پانچ نئی ایئر لائنز کو راغب کیا ہے جس سے ایئرپورٹ پر کام کرنے والی ایئر لائنز کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔ ان میں تین قومی کیریئر اور 39 انٹرنیشنل کیریئر شامل ہیں۔
دمام ایئرپورٹس کمپنی نے اس سال 11 نئی ڈائریکٹ ڈیشٹینیشنز متعارف کروائی ہیں جن میں نو بین الاقوامی اور دو ڈومیسٹک روٹس شامل ہیں۔
اس اضافے کے ساتھ، 16 ملکی اور 45 انٹرنیشنل روٹس پر ڈیسٹینیشنز کی مجموعی تعداد 61 تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’دمام ایئرپورٹس کمپنی کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، الاحسا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور القاسم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر معمولی خدمات کی فراہمی اور صارفین کی اطمینان کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے‘۔