Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شام میں پھنسے شہریوں کی مدد، پاکستانی دفتر خارجہ کا ’کرائسز مینجمنٹ یونٹ‘ فعال

اتوار کی صبح باغی ملیشیا کے جنگجو دمشق میں داخل ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے دفتر خارجہ نے شام میں پھنس جانے والے اپنے شہریوں کی مدد کے لیے ’کرائسس مینجمنٹ یونٹ‘ کو فعال کر دیا ہے۔
پاکستان کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق اتوار کو شام کے دارالحکومت دمشق میں تبدیل ہوتی صورتحال کے پیش نظر وہاں موجود پاکستانیوں کی مدد کی جا رہی ہے۔
ریڈیو پاکستان نے کہا ہے کہ ’دفتر خارجہ نے شام میں پاکستانی شہریوں سے مدد کے لیے فون نمبرز دیے گئے ہیں اور جن پاکستانیوں کو مدد کی ضرورت ہے وہ ای میل کے ذریعے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔‘
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’دمشق میں پاکستان کا سفارت خانہ فعال ہے اور شام میں پاکستانی شہریوں کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے۔‘
پاکستان نے رواں ہفتے کے آغاز پر شام میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور وہاں تشدد میں کمی کا مطالبہ کیا تھا۔
اتوار کی صبح صدر بشار الاسد کی مخالف تنظیموں کے اپوزیشن اتحاد کی ملیشیا کے جنگجو دارالحکومت دمشق میں داخل ہو گئے اور دہائیوں سے جاری اسد خاندان کے اقتدار کا خاتمہ کر دیا گیا۔
اسد خاندان کے پانچ دہائیوں کے اقتدار کے خاتمے کو اس کے اہم علاقائی حمایتی ایران کے لیے بھی ایک بڑے دھچکے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
شام میں حالیہ واقعات کی رفتار نے عرب دارالحکومتوں کو دنگ کر دیا ہے اور علاقائی عدم استحکام کی نئی لہر کے خدشات کو جنم دیا ہے۔
قبل ازیں قطر، سعودی عرب، اردن، مصر، عراق، ایران، ترکی اور روس نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بحران ایک خطرناک پیشرفت ہے اور اس کے سیاسی حل پر زور دیا تھا۔
شام کی خانہ جنگی جو 2011 میں بشار الاسد کی حکمرانی کے خلاف بغاوت کے طور پر شروع ہوئی، اس میں روس سمیت بڑی بیرونی طاقتوں نے حصہ ڈالا۔
اس دوران لاکھوں شامی شہریوں نے اپنے ملک کو چھوڑا اور پڑوسی ملکوں میں پناہ گزین بنے۔

شیئر: