Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کو 59 رنز سے شکست، بنگلہ دیش نے انڈر19 ایشیا کپ کا فائنل جیت لیا

انڈیا کی انڈر19 ٹیم کے کپتان محمد امان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ (فوٹو: ایشیئن کرکٹ کونسل)
بنگلہ دیش نے انڈر19 ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا کو 59 رنز سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو دبئی میں انڈیا کی انڈر19 ٹیم کے کپتان محمد امان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو کافی حد تک ٹھیک بھی ثابت ہوا اور بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 50 ویں میں 198 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رزان حسین نے 47، محمد شہاب جیمز نے 40 اور فرید حسن نے 39 رنز بنائے۔ انڈیا کی جانب سے یودھاجیت گوہا نے دو جبکہ چیتن شرما اور ہاردک راج نے بھی دو دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
199 رنز کے تعاقب میں انڈیا کا آغاز نہایت مایوس کن رہا اور اس کے اوپنرز کچھ خاص کیے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ محمد امان اور دوسرے چند بیٹرز نے وکٹ پر ٹھہرنے اور سکور بنانے کی کوشش کی لیکن بنگلہ دیشی بولرز کے آگے ان کی ایک نہ چل سکی۔ اور ایک ایک کر کے سب ہی آؤٹ ہوتے گئے، اور یوں انڈیا کی پوری ٹیم 36 ویں اوور میں 139 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انڈیا کی جانب سے محمد امان نے سب سے زیادہ 26 رنز بنائے جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے اقبال حسین اور عزیز الحاکم نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین تین وکٹیں اپنے نام کیں۔
بنگلہ دیش کے اقبال حسین کو پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز کے اعزاز بھی اپنے نام کیے۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش نے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ انڈیا بھی سری لنکا کو سات وکٹوں سے ہرا کر فائنل تک پہنچا تھا۔

شیئر: