انڈر19 ایشیا کپ: پاکستان جاپان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
بدھ 4 دسمبر 2024 15:58
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان انڈر 19 نے جاپان انڈر 19 کو 63 رنز پر ڈھیر کر دیا (فائل فوٹو: ایکس)
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان نے جاپان کو 180 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا۔
پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد ریاض اللہ نے 66 جبکہ شاہ زیب خان نے 45 رنز بنائے۔ جاپان کی طرف سے نہار پرمار نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جاپانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 28 ویں اوور کی تیسری گیند پر صرف 63 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
جاپان کی جانب سے نہار پرمار 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حذیفہ نے محض آٹھ رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
بہترین کارکردگی پر محمد حذیفہ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان چھ دسمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔