دمشق میں حالات سازگار ہونے پر سفارت خانہ کھولیں گے، ترک وزیر خارجہ
ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدن نے منگل کے روز کہا کہ انقرہ شام کے صدر بشار الاسد کی برطرفی کے بعد دمشق میں اپنا سفارت خانہ اس وقت دوبارہ کھولے گا جب حالات اس کی اجازت دیں گے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انقرہ میں ترک سفارت کاروں کی بیٹھک میں وزیر خارجہ سے پوچھا گیا ’ ترکی دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کب کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے؟
ہاکان فیدن نے جواب دیا ’ہم اس پر غور کریں گے۔ ہم حالات کے سازگار ہونے کا انتظار کریں گے۔‘
شام میں2011 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے ایک سال بعد دمشق میں ترکیہ کا سفارتخانہ بند کر دیا گیا تھا۔
دمشق میں سیکیورٹی کی خراب ہوتی ہوئی صورتحال اور ترک حکومت کی جانب سے بشار الاسد سے مستعفی ہونے کے مطالبے کے پیش نظر ترکیہ کا سفارت خانہ 26 مارچ 2012 کو بند کیا گیا تھا۔