جیسن گلیسپی مستعفی، عاقب جاوید پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے عبوری کوچ مقرر
جمعرات 12 دسمبر 2024 21:04
ٹِم نِیلسن کے کنٹریکٹ کو رینیو نہ کرنے کے فیصلے کے بعد پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی بھی مستعفی ہوگئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کے استعفے کے بعد عاقب جاوید کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا عبوری ریڈ بال ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریڈ بال کے ہیڈ کوچ کے طور پر عاقب جاوید کی پہلی اسائنمنٹ جنوبی افریقہ کے خلاف جاری آل فارمیٹ ٹور کے دوران دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔
قبل ازیں یہ خبر آئی تھی کہ پی سی بی کی جانب سے ٹِم نِیلسن کا کنٹریکٹ آگے نہ بڑھانے کے فیصلے کے بعد پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی بھی مستعفی ہونے پر غور کر رہے ہیں۔
ٹِم نِیلسن کو رواں سال اگست میں ہائی پرفارمنس ریڈ بال کوچ کے آفیشل عہدے پر تعینات کیا گیا تھا تاہم پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے بعد اُن کا کنٹریکٹ رینیو ہونا تھا جسے پی سی بی کی جانب سے رینیو نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
خیال رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان درمیان پہلا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک سنچورین کے سپر سپورٹ پارک میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان ٹیم اس وقت جنوبی افریقہ میں تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل رہی ہے جس کے بعد تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔