ریزا ہینڈرکس کی شاندار سینچری، جنوبی افریقہ نے ٹی20 سیریز اپنے نام کر لی
ریزا ہینڈرکس کی شاندار سینچری، جنوبی افریقہ نے ٹی20 سیریز اپنے نام کر لی
جمعہ 13 دسمبر 2024 20:50
ریزا ہینڈرکس نے 54 گیندوں پر نو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تین ٹی20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
جنوبی افریقہ نے ریزا ہینڈرکس کی شاندار سینچری کی مدد سے 207 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 20 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ ہینڈرکس نے 63 گیندوں پر 10 چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے۔ ریسی وینڈر دوسن 66 اور ہینرچ کلاسن آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے جہانداد خان نے دو اور عباس آفریدی نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
خیال رہے کہ پہلے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دی تھی۔ یوں پاکستان یہ سیریز ہار گیا ہے جبکہ سنیچر کو تیسرا میچ کھیلا جائے گا۔
قبل ازیں جمعے کو سینچورین کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اور صائم ایوب کے شاندار 98 رنز ناٹ آؤٹ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ بابر اعظم 31 اور عرفان خان 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیان گیلیئم اور اوٹنیل بارٹمین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کی اننگز
207 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز میدان میں اترے تو ابتدا میں دباؤ میں نظر آئے جس کا فائدہ سفیان مقیم کی جگہ ٹیم میں جگہ بنانے والے بائیں بازو کے میڈیم پیسر جہانداد خان نے اٹھایا، اور پہلے ریان ریکلٹن اور پھر میتھیو بریٹزکے کو آؤٹ کر کے ابتدا میں مومینٹم گرین شرٹس کے حق میں کر دیا۔ لیکن یہ مومینٹم عارضی ثابت ہوا کیونکہ ریزا ہینڈرکس پاکستانی بولرز کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے۔
انہوں نے اپنی ٹیم کو دباؤ سے نکالنے کے لیے چھکوں کی بارش کر دی جس کو گرین شرٹس کے بولرز روکنے میں ناکام رہے۔ اور اس کے بعد میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا اور محمد رضوان بے بسی سے اپنے بولرز کو پٹتے دیکھتے رہے۔
ہینڈرکس نے 54 گیندوں پر نو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔ ان کی اس اننگز میں ریسی وینڈر دوسن نے ان کا خوب ساتھ نبھایا اور دونوں کے درمیان 157 رنز کی شراکت داری بنی۔ دوسن نے 33 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔
پاکستان کی طرف سے حارث رؤف سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے چار اوورز میں 57 رنز دیے جس میں انہیں سات چھکے پڑے۔
پاکستان کی اننگز
کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست نہ لگا۔ کیونکہ ابتدائی اوورز میں اوپنرز نے محتاط بیٹنگ کی اور رضوان بھی چوتھے ہی اوور میں 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر بابر اعظم میدان میں آئے اور پھر صائم کے ساتھ مل کر انہوں نے گیم کا مومینٹم بدل دیا۔ آؤٹ آف فارم بابر نے اچھے شارٹس کھیلے اور ساتھ ہی سٹرائیک ریٹ بھی اچھا رکھا۔ ان کی صائم کے ساتھ 87 رنز کی قیمتی شراکت داری بنی جس کے بعد وہ 31 رنز بنا کر جارج لنڈا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بابر کے پویلین روانہ ہونے کے بعد پاکستان کا مڈل آرڈر پھر لڑکھڑا گیا اور عثمان خان اور طیب طاہر یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے۔
تاہم اس نازک مرحلے پر عرفان خان کریز پر آئے اور صائم ایوب کے ساتھ مل کر 73 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ صائم اپنے جارحانہ اور دلکش شارٹس کے ذریعے جنوبی افریقہ کے بولرز کے لیے ڈراؤنا خواب بنے رہے جبکہ عرفان نے بھی تین چوکے اور دو چھکے لگا کر بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ وہ 16 گیندوں پر 30 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو اتنے بڑے سکور تک پہنچانے والے صائم ایوب مگر بدقسمت رہے اور آخری اوور میں موقع نہ ملنے کے باعث صرف دو رنز سے اپنی سینچری نہ بنا سکے۔ انہوں نے 57 گیندوں پر 11 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست رہتے ہوئے 98 رنز بنائے۔