سائبیریا سے آنے والی سرد لہر، درجہ حرارت صفر تک پہنچ جائے گا
,راتیں انتہائی سرد ہوں گی اور دن اور رات میں 15 ڈگری کا فرق ہوجائے گا‘ ( وٹو: طقس العرب)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ہفتے کو شمالی حدود ریجن کے علاوہ ریاض، مشرقی ریجن، قصیم، حائل اور الجوف میں سردی کی لہر ہوگی جہاں درجہ حرارت صفر تک پہنچ جائے گا۔
جبکہ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور تبوک میں بھی سردی محسوس کی جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’جازان، عسیر اور الباحہ میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش کی بھی توقع ہے‘۔
دریں اثنا ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند نے کہا ہے کہ ’سردی کی لہر کا آغاز آج رات سے ہوگا جس سے 7 ریجن زیادہ متاثر ہوں گے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سائبیریا سے آنے والی سردی کی لہر کی شدت اتوار اور پیر کو ہوگی جس سے شمالی علاقے زیادہ متاثر ہوں گے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سردی کی لہر کی وجہ سے راتیں انتہائی سرد ہوں گی اور دن اور رات میں 15 ڈگری کا فرق ہوجائے گا‘۔