Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی میل کے مقابلے میں ایلون مسک اپنی ای میل سروس لانے کو تیار

فروری میں بھی ایلون مسک نے اپنی ای میل سروس شروع کرنے کے حوالے سے اشارہ دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک معروف ای میل پلیٹ فارم جی میل کو ٹکر دینے کے لیے اپنی ای میل سروس لانے کو تیار ہیں۔
ویب سائٹ اینڈرائڈ پولیس کے مطابق سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد اُسے ایکس کا نام دینے والے ایلون مسک تیزی سے سافٹ ویئر سروسز میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں کے مطابق بہت جلد ایکس کو ایلون مسک ایک جامع ایپلی کیشن بنانے والے ہیں جس کے ذریعے آن لائن پیمنٹس بھی کی جا سکیں گی۔
خبروں کے مطابق ایلون مسک اب اپنی ای میل سروس شروع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں جو کہ گوگل کی جی میل کا بھرپور مقابلہ کر سکتی ہے۔
تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا یہ ای میل سروس ایک الگ پلیٹ فارم کی صورت میں لانچ کی جائے گی یا پھر ایکس کا ایک حصہ ہوگی۔
یہ خبر اُس وقت سامنے آئی جب ایکس پر ایک صارف نے پوسٹ کی کہ ’ایکس میل بہت زبردست خیال ہوگا۔‘
اس کے جواب میں ایلون مسک نے لکھا کہ ’جی بالکل، یہ اُن چیزوں میں شامل ہے جو ہم نے کرنی ہیں۔‘
اس سے قبل رواں سال فروری میں بھی ایلون مسک نے اپنی ای میل سروس شروع کرنے کے حوالے سے ایکس پر اشارہ دیا تھا۔
ابھی تک تو ایلون مسک کی ای میل سروس کے بارے میں محدود معلومات سامنے آئی ہیں تاہم ایکس اے آئی سٹافر کو جواب دیتے ہوئے مسک نے اس بات کی تصدیق کی کہ اُن کی ای میل سروس کا انٹرفیس سوشل میڈیا ایپس کے ڈائریکٹ میسج یعنی ڈی ایم جیسا ہوگا۔

شیئر: