نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 432 رنز سے ہرا دیا، ٹِم ساؤتھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر
نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 432 رنز سے ہرا دیا، ٹِم ساؤتھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر
منگل 17 دسمبر 2024 15:25
ٹِم ساؤتھی نے کہا کہ ’قومی ٹیم کی کیپ پہنے ہوئے جو میں نے وقت گزارہ ہے وہ بہت خاص ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 432 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔
ہملٹن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 658 رنز کا ہدف دیا گیا جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 234 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
اس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
خیال رہے کہ انگلینڈ نے سیریز 0-2 سے پہلے ہی اپنے نام کر لی تھی۔
دوسری جانب ہملٹن ٹیسٹ کی خاص بات یہ تھی کہ یہ کیوی پیسر ٹِم ساؤتھی کا آخری ٹیسٹ میچ تھا۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق ٹِم ساؤتھی نے اپنے الوداعی ٹیسٹ میچ کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ ’قومی ٹیم کی کیپ پہن کر جو وقت میں نے گزارا وہ بہت خاص ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب میں بچہ تھا تو اُس وقت میں صرف چاہتا تھا کہ بڑا ہو کر نیوزی لینڈ کی نمائندگی کروں۔ تاہم کیریئر میں 800 (تمام فارمیٹس) وکٹیں حاصل کرنا بڑی اطمینان بخش چیز ہے۔‘
فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ’اس کھیل نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔ اس نے مجھے سب کچھ دیا ہے۔ میں اپنی آدھی سے زیادہ زندگی اپنی ٹیم کے لیے کھیلا ہوں اور ایسا کرنا میری زندگی کا خواب تھا۔‘
ٹِم ساؤتھی نے مزید کہا کہ ’یہ خوشی کی بات ہے اور دکھ کی بھی۔ ہم جذبات سے گزرتے ہیں لیکن زندگی آگے بڑھتی رہتی ہے۔‘
خیال رہے کہ ٹِم ساؤتھی نے نیوزی لینڈ کی 107 ٹیسٹ میچوں میں نمائندگی کی جس میں انہوں نے 391 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے 15 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ بطور بیٹر وہ اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 2245 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔