دبئی میں غیر قانونی تارکین کو دی گئی مہلت کب ختم ہو رہی ہے؟
31 دسمبر کو مہلت ختم ہونے کے بعد کریک ڈاون شروع کیا جائے گا۔( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات دبئی میں اقامہ اورامیگریشن کے معاون ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئیرصلاح القمزی کا کہنا ہے ’حکومت کی جانب سے غیرقانونی طور پر مقیم تارکین کو اصلاح حال کے لیے دی گئی مہلت 31 دسمبر کو ختم ہوجائے گی جس کے بعد کریک ڈاون شروع کیا جائے گا۔‘
امارات الیوم کے مطابق انہوں نے مزید کہا ’کسی بھی مسئلے کے حوالے سے براہ راست رابطے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کا عنوان’ ڈائریکٹر جنرل سے رابطہ کریں ہے۔‘
رابطہ مہم ای میل اور سوشل میڈیا اکاونٹس پرلانچ کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں غیرقانونی مقیمین اس مہم سے مستفیض ہوسکیں۔
ادارہ اقامہ اور امیگریشن کا کہنا ہے’ دبئی میں مقیم ایسے غیرملکی جن کے اقامے ایکسپائرہو چکے ہیں یا ان کے ورک پرمٹ سیز ہیں وہ 31 دسمبر سے قبل اپنے قیام کو قانونی شکل دے لیں تاکہ بعد میں کسی قسم کی مشکل میں مبتلا نہ ہوں۔‘
واضح رہے دبئی کی حکومت کی جانب سے ایسے غیرملکی جن کے اقامے ایکسپائر تھے انہیں اصلاح حال کے لیے تین ماہ کی مہلت کا اعلان کیا ہے۔
اس دوران وہ کسی سپانسر کو تلاش کرکے اپنے اقامے اور ورک پرمٹ کی تجدید بغیرکسی جرمانے اور اضافی فیس کے کرا سکتے ہیں۔
مہلت ختم ہونے کے بعد سخت تفتیشی مہم کا آغاز کیا جائے گا جو غیرملکی غیرقانونی قیام کی حالت میں پایا جائے گا اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔