امارات میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کے لیے اصلاح حال مہلت میں توسیع
توسیع کے بعد مہلت 31 دسمبر کو ختم ہوگی۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو دی گئی مہلت جو 31 اکتوبر 2024 کو ختم ہوگئی ہے اس میں 2 ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سہیل سعید الخییلی نے کہا کہ ڈیڈ لائن میں توسیع کا فیصلہ امارات کے 53 ویں یوم کی تقریبات کے حوالے سے کیا گیا ہے۔ اس لیے توسیع کے بعد مہلت کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2024 کردی گئی ہے۔ غیر قانونی تارکین اس مہلت سے فائدہ اٹھائیں اور خود کو قانون کے دائرے میں لانے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر کو ختم ہونے والی ڈیڈ لائن میں توسیع کا فیصلہ آخری دنوں میں سروس سینٹرز پر طلب میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ توسیع کی نئی مدت خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے اپنے حالات کو درست کرنے اور انہیں بہتر بنانے کا آخری موقع ہے اور وہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔
جنرل سہیل سعید الخییلی نے کہا کہ توسیع کی مدت ختم ہونے کے بعد امارات میں تفتیشی مہم تیز کردی جائے گی اور اس حوالے سے کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں