امارات میں غیرقانونی تارکین کےلیے نئی رعایت کیا ہے؟
پاسپورٹ کی ایکسپائری چھ ماہ کے بجائے ایک ماہ کردی گئی (فوٹو: روئٹرز)
اماراتی حکام نے ریاست میں موجود غیرقانونی افراد کے لیے اصلاح حال کی مہم میں پاسپورٹ کی مدت میں مزید رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی جو مہم سے مستفیض ہونے کے خواہشمند ہیں ان کے پاسپورٹ کی ایکسپائری چھ ماہ کے بجائے ایک ماہ کردی گئی ہے۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی میں مقیم غیرملکی کارکن جن کے اقامے اور ورک پرمٹ تجدید نہیں کرائے گئے انہیں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اگر دبئی میں مزید رہنے کے خواہشمند ہیں تو اپنے قیام کو قانونی بنا لیں۔
مہلت کے دوران اصلاح حال کرنے والوں سے کسی قسم کا جرمانہ اور اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
مہم میں ان غیرملکیوں کے لیے بھی رعایت کا اعلان کیا گیا ہے جو مستقل طورپر اپنے وطن جانے کے خواہشمند ہیں۔
ایسے تارکین قانونی طورپر فائنل ایگزٹ ویزہ حاصل کرسکتے ہیں جس کے بعد وہ اپنے وطن سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔
جو افراد مہم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فائنل ایگزٹ ویزے پر جائیں گے انہیں بلیک لسٹ کی گیٹگری میں شامل نہیں کیاجائے گا اوروہ جب چائیں دوسرے ویزے پر امارات آسکتے ہیں۔
اماراتی امیگریشن کے ڈائریکٹر جنرل سہیل سعید الخییلی کا کہنا ہے’ غیرقانونی تارکین کے لیے جو رعایتی مہم شروع کی گئی ہے اس کا مقصد ان کے قیام کو قانونی شکل دینا ہے‘۔
’ایسے غیرملکی جن کے پاسپورٹ کی ایکسپائری کم تھی ان کےلیے خصوصی طورپر ایکسپائری کی حد 6 ماہ سے کم کرکے ایک ماہ کردی گئی ہے‘۔
واضح رہے امارتی حکام نے یکم ستمبر سے 31 اکتوبر تک ایسے تارکین کو جن کے اقامے ایکسپائرتھے یا کسی وجہ سے ان کا ورک پرمٹ نہیں بنایا گیا تھا انہیں مہلت دی ہے تاکہ وہ اپنے قیام کی دستاویزات کو قانونی شکل دے کر ملازمتیں حاصل کرسکیں۔