اسلام آباد: ویمن پارلیمانی کاکس میں سعودی شوریٰ کونسل کے وفد کا خیرمقدم
جمعرات 19 دسمبر 2024 20:43
ملاقات کے دوران وفد نے کاکس کے اراکین کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے موضوعات پر گفتگو کی (فوٹو: قومی اسمبلی)
پاکستان کی قومی اسمبلی کے ویمن پارلیمانی کاکس نے آج سعودی شوریٰ کونسل کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس وفد میں ڈاکٹر عائشہ بنت حسن ذکری، ڈاکٹر عبداللہ بن سعد الوقدانی، اور ڈاکٹر معیدہ بنت معید الغامدی شامل تھے۔
جمعرات کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ویمن پارلیمانی کاکس کی سیکریٹری، ڈاکٹر سیّدہ شاہدہ رحمانی نے وفد کے دورے پر اظہار تشکر کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران وفد نے کاکس کے اراکین کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے موضوعات پر، خصوصاً خواتین کی بااختیاری اور صنفی حساس قانون سازی کے حوالے سے گفتگو کی۔
اس مکالمے میں دونوں ممالک کے اس عزم کو اجاگر کیا گیا کہ مؤثر پالیسی سازی کے ذریعے صنفی مساوات کو فروغ دیا جائے اور سماجی چیلنجز کا حل نکالا جائے۔
ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے پاکستان میں صنفی شمولیت پر مبنی پالیسیوں کو فروغ دینے میں ویمن پارلیمانی کاکس کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کاکس کی حالیہ کامیابیوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
سعودی وفد نے ان کوششوں کو سراہا اور مملکتِ سعودی عرب میں صنفی مساوات کے فروغ کے اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
دورے میں ویمن پارلیمانی کاکس سیکریٹریٹ کا تفصیلی جائزہ بھی شامل تھا، جہاں وفد کو کاکس کے جاری منصوبوں اور قانون سازی کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس تعاون کو جاری رکھنے اور علم کے تبادلے کے مزید مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ویمن پارلیمانی کاکس اس ملاقات کے بعد پارلیمانی سفارتکاری کو مزید مضبوط کرنے اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔