سعودی وزارت تجارت کی نگراں ٹیموں نے ریاض میں ایشیائی شہریت کے رہائشیوں کے ذریعے چلائے جانے والے ایک گودام پر چھاپہ مار کر وہاں جعلی کمبل اور گدے ضبط کرلیے اور گودام کو سیل کردیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت تجارت نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر بتایا کہ چینی کمبلوں پر ’سپین‘ اور ’جنوبی کوریا‘ کی جعلی لیبلنگ کرکے صارفین کو گمراہ کیا جارہا تھا اور انہیں مہنگے داموں مارکیٹ میں فروخت کرنے کے لیے ری پیک کیا جارہا تھا اور ان کا وزن بھی مقررہ معیار سے کم تھا۔

وزارت کی ٹیموں نے ریاض کے جنوب میں واقع الفیصلیہ محلے میں واقع گودام کو سیل کردیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو زکوۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی، سعودی اتھارٹی برائے انٹلیکچوئل پراپرٹی اور سیکیورٹی حکام کے تعاون سے قواعد و ضوابط کے مطابق ان کے خلاف قانونی طریقہ کار کا اطلاق مکمل کرکے کیس پبلک پراسیکیوشن کو بھیج دیا ہے۔
وزارت نے غیر قانونی شراکت داری میں تجارت کو چھپانے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ اس کے علاوہ انوائسز جاری نہ کرنے اور دوسروں کی ملکیت والے ٹریڈ مارک استعمال کرنے پر ٹیکس چوری کی خلاف ورزیاں بھی پکڑی ہیں۔
