لیبیا کے وزیر کی شام کے نئے رہنما سے ملاقات، مختلف امور پر بات چیت
لیبیا کے وزیر کی شام کے نئے رہنما سے ملاقات، مختلف امور پر بات چیت
ہفتہ 28 دسمبر 2024 19:37
جنگ کا شکار شامی عوام کی اکثریت بہتر زندگی کی تلاش میں لیبیا کا رخ کرتی رہی ہے۔ فوٹو اے پی
اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ لیبیا کی حکومت کے سینئر عہدیدار نے سنیچر کو شام کے نئے رہنما احمد الشرع سے ملاقات کی اور سفارتی تعلقات، توانائی اور شامیوں کی واپسی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق لیبیا کے وزیر مملکت برائے مواصلات اور سیاسی امور ولید ایلافی نے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا ہم نے شام کے حکام کو اہم عبوری مرحلے کی کامیابی کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔
ولید ایلافی نے مزید کہا ’خاص طور پر سیکیورٹی اور عسکری معاملات پر رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دینے کے علاوہ توانائی، تجارت اور ’غیر قانونی ہجرت‘ سے متعلق تعاون پر بات چیت ہوئی ہے۔
جنگ کا شکار شامی عوام کی اکثریت بہتر زندگی کی تلاش میں لیبیا کا رخ کرتی رہی ہے اور یہاں کام کی تلاش کے علاوہ بحیرہ روم کے راستے یورپ جانے کے مواقع تلاش کرتی ہے۔
لیبیا کے وزیر مملکت نے مزید ملاقات میں چار سفارتی ناظم الامور شریک تھے اور ہم شام کے لیے مستقل سفیر کے تقرر کی کوشش کر رہے ہیں۔
لیبیا کا 2012 سے دمشق میں کوئی نمائندہ نہیں جب نیٹو کی حمایت یافتہ بغاوت کے بعد طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے معمر قذافی کی حکومت کا تختہ الٹا گیا۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا چار سفارتی ناظم الامور کا تقرر ہو چکا ہے یا نہیں۔
دمشق کے نئے حکام نے مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کے نمائندوں کو خوش آمدید کہا ہے۔ فوٹو اے پی
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس اے این اے کی شائع کردہ تصاویر میں اسی روز الشرع کو بحرین کے سٹریٹجک سکیورٹی بیورو کے سربراہ شیخ احمد بن عبدالعزیز الخلیفہ کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے تاہم بات چیت کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
شام میں بشار اسد کی برطرفی کے بعد14 دسمبر کو آٹھ عرب ممالک کے اعلیٰ سفارت کاروں نے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کی حمایت کے ساتھ شام میں پُرامن انتقال اقتدار کا مطالبہ کیا تھا۔
ملاقات میں توانائی، تجارت اور ’غیر قانونی ہجرت‘ سے متعلق تعاون پر بات چیت ہوئی ہے۔ فوٹو اے پی
بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی بی این اے نے ایک روز قبل رپورٹ میں واضح کیا ہے ’بحرین کے حکمراں نے شام کے رہنما کو بتایا کہ ان کا ملک شام کے ساتھ مشاورت اور ہم آہنگی جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
دمشق کے نئے حکام نے مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کے نمائندوں کو خوش آمدید کہا ہے متعدد ممالک احمد الشرع کی انتظامیہ کے ساتھ رابطے قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔