سعودی عرب میں پرمٹ کے بغیر ریسٹ ہاوسز اور ریزورٹس کی تشہیر پر جرمانے
پرمٹ کا مقصد مطلوبہ و مقررہ معیار کو برقرار رکھنا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت سیاحت کی تفتیشی ٹیموں نے پرمٹ کے بغیر ریسٹ ہاوسز اور ریزورٹس کی پبلسٹی کرنے پر متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے’ ملکی یا غیرملکی بکنگ سائٹس اور ایپلکیشنز پر پرمٹ کے بغیر ریسٹ ہاوسز یا سیاحتی رہائشی ہوٹلز وغیرہ کی بکنگ مہیا کرنا غیرقانونی عمل ہے جس پر جرمانہ کیا جاتا ہے۔‘
الوطن کے مطابق وزارت کا مزید کہنا تھا’ پرمٹ کا مقصد مطلوبہ و مقررہ معیار کو برقرار رکھنا ہے تاکہ سیاحت کے لیے آنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘
وزارت سیاحت کی جانب سے ہوٹلوں اور سیاحتی ریزورٹس وغیرہ کے لیے معیار مقرر کیا گیا ہے جس پرعمل کرنے والوں کو پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔
وزارت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لیے مہم شروع کی گئی ہے جس کا عنوان ’مہمان ہماری ترجیح‘ ہے۔
مہم کا مقصد سیاحوں کو مقررہ سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔وزارت نے ٹول فری نمبر930 مخصوص کیا ہے جس پر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی ریکارڈ کرائی جاسکتی ہے۔
ضوابط کے مطابق پرمٹ کے بغیر کاروباری غرض سے ریزورٹ وغیرہ کی بنکنگ کرنے پر ایک ملین ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔ علاوہ ازیں ہوٹل یا ریزورٹ کو سیل بھی کیا جاسکتا ہے۔