Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ کے قریب سیاحتی مقام ’الفقرہ‘ جو فطری حسن سے مالا مال ہے

یہ وادی مدینہ منورہ سے 80 کلو میٹر دور واقع ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ کے نواحی علاقوں میں ’الفقرہ‘ ایک اہم مقام ہے جو فطری حسن سے مالا مال ہے۔ یہ علاقہ سیاحت کے حوالےسے غیرمعمولی شہرت کا حامل ہے۔
پہاڑی سلسلہ ہونے کی وجہ سے یہاں وادیوں کی بھی کمی نہیں۔ پہاڑوں کے درمیان پیچ و خم کھاتی سڑکیں دیگر علاقوں کو یہاں سے جوڑنے کےلیے اہم ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق فقرہ کا پہاڑی گاوں یا وادی مدینہ منورہ سے 80 کلو میٹر دور ہے۔ مدینہ، ینبع ہائی تک کا 45 کلو میٹر کا سفر کرنے کے بعد بدر شاہراہ سے ہوتے ہوئے فقرہ کی وادی میں پہنچا جاسکتا ہے۔

یہ علاقہ سیاحتی اعتبار سے غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)

فقرہ کا علاقہ موسم گرما اور سرما میں انتہائی خوبصورت ہوتا ہے یہاں کا درجہ حرارت مدینہ منورہ اوردیگر علاقوں کی بہ نسبت کم رہتا ہے اسی لیے یہ علاقہ سیاحتی اعتبار سے غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے فقرہ جانے کے لیے ترقیاتی کام کیے گئے ہیں جن میں شاہراہوں پر روشنی کا اہتمام، رہنمائی کےلیے سائن بورڈز اور روڈ سائڈ پر کنکریٹ کی رکاوٹوں کی تعمیر کے علاوہ سڑکوں پر کیٹ آئیز خاص طورپر لگائی گئی ہیں تاکہ ڈرائیونگ کے دوران گاڑی اپنے ٹریک سے باہر نہ نکلے۔
واضح رہے یہ شاہراہ حج وعمرہ کے قافلوں کے علاوہ تجارتی اور سیاحت کے فروغ کےلیے بھی غیرمعمولی طورپر اہمیت کی حامل ہے۔
روڈ جنرل اتھارٹی کی جانب سے شاہراہ کی مسلسل بنیادوں پر نگرانی کی جاتی ہے تاکہ اہم شاہراہ میں ہونے والی خرابی کا فوری تدارک کیا جاسکے۔

شیئر: