سعودی نوجوان مریض نے سنیپ چیٹ پر سٹوری پوسٹ کی نامعلوم خاتون نے گردہ عطیہ کردیا
عبدالعزیزالعمری کا کہنا تھا سنیپ چیٹ میرے علاج کا سبب بنا ہے (فائل فوٹو: سبق)
گردوں کےعارضے میں مبتلا سعودی نوجوان عبدالعزیز العمری کو ایک نامعلوم خاتون نے اپنا گردہ عطیہ کردیا۔
عبدالعزیز العمری ایک سال سے مرض میں مبتلا تھا، اپنی اس تکلیف کا اظہار سوشل میڈیا پلیٹ فارم سنیپ چیٹ پر کیا تھا۔
سبق نیوز کے مطابق المخواہ کمشنری میں رہنے والے سعودی نوجوان نے اپنے مرض اور ڈائیلاسز کے سخت مراحل کا ذکر کرتے ہوئے اپنی سٹوری سنیپ چیٹ پر شیئر کی۔ اس بات سے لاعلم تھا کہ اس کی پوسٹ کا جواب جلد اسے مل جائے گا۔
عبدالعزیزالعمری کا کہنا تھا ’سنیپ چیٹ سبب بنا اور میرے مرض کا مداوا ہو گیا۔ یہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اتنی جلد مجھے گردے کا عطیہ مل جائے گا۔‘
اپنی کہانی بیان کرتے ہوئے مزید بتایا ’سٹوری پوسٹ کرنے کے کچھ دن بعد جدہ کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال سے میرے نمبر پر کال موصول ہوئی جہاں سے یہ اطلاع دی گئی کہ ایک خاتون جو اپنا نام اور ایڈریس ظاہر نہیں کرنا چاہتی اپنا گردہ محض ثواب کی نیت سے عطیہ کرنے کی خواہاں ہیں۔‘
ہسپتال سے اطلاع ملنے کے بعد متعلقہ شعبے سے رجو ع کیا جہاں تمام ٹیسٹ ہوئے جن کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد گردے کی کامیاب پیوند کاری کی گئی۔
انسانی ہمدردی اور ایثار کی یہ کہانی سنیپ چیٹ سے شروع ہوئی اور ہسپتال میں ایک انجانے شخص کو نئی زندگی دے کر ختم ہوئی۔