Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں سعودی سیاحوں نے 1.5 ارب ڈالر خرچ کیے

عرب ممالک سے مصر آنے والے سیاحوں میں سعودی شہری سرفہرست رہے۔(فوٹو سبق)
مصر میں گیارہ ماہ کے دوران سیاحت سے ہونے والی آمدنی 14 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی جو 7.8 فیصد کا اضافہ ہے۔ یہ اب تک کی سب سے زیادہ آمدنی ہے۔
سبق ویب کے مطابق 2024 میں مصر میں سعودی سیاحوں کے اخراجات تقریبا 1.5 ارب ڈالر (75 ارب مصری پونڈ) سے زائد رہے۔
مصری سیاحت کی آمدنی میں یہ اضافہ سیاحوں کی تعداد میں 3.97 اضافہ کی وجہ سے ہوا جس کے بعد سیاحوں کی کل تعداد 14.3 ملین رہی۔
 ماہرین کو توقع ہے خطے میں جغرافیائی سیاسی صورتحال بہتر ہونے کے بعد آئندہ سال سے آمدنی میں اضافہ متوقع ہے۔
سابق مصری وزیر سیاحت کے مشیر سامح سعد نے کہا اس شعبے میں مسلسل دوسرے سال مثبت شرح نمو حاصل کی ہے۔  مصر میں سب سے زیادہ آنے والوں میں جرمنی، انگلینڈ، روس اور سعودی عرب کے شہری شامل ہیں۔
مصری اخبار ’الوطن‘ کے  مطابق چیمبر آف  ٹورازم کمپنیز میں عرب ٹورازم کمیٹی کے چیئرمین محمد ثروت نے کہا 2024 میں عرب ممالک سے سب سے زیادہ سیاح  مصر آئے۔ عرب ممالک سے آنے والے سیاحوں میں سعودی شہری سرفہرست رہے۔
چیمبر آف ٹورازم کمپنیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن نادر عیاد نے بتایا مصر اور سعودی عرب کے درمیان ہر سطح پر خاص طور پر سیاحت کے شعبے میں غیرمعمولی تعلقات ہیں۔
مصر اور سعودی عرب کے درمیان سیاحت کے تبادلے کے حجم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا گزشتہ سیزن میں مصری سیاحوں کی تعداد تقریبا 750 ہزار تک پہنچ گئی تھی
اس کے علاوہ مصر سعودی شہریوں کے لیے پسندیدہ سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہاں سالانہ تقریبا 1.5 ملین سعودی سیاح آتے ہیں۔
مصری اخبار ’الیوم السابع‘ کے مطابق اس کا مطلب یہ ہے سعودیوں نے 1.5 ارب ڈالر (75 ارب مصری پونڈ) سے زیادہ خرچ کیے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق مالی سال 2024-2025 (جولائی تا ستمبر) کی پہلی سہ ماہی کے دوران مصری معیشت نے 3.5 فیصد کی شرح نمو حاصل کی۔ سیاحت کا شعبہ 8.2 فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ بڑھتی معاشی سرگرمیوں میں شامل رہا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: