Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سیاحوں کی آمد سے سری لنکا کی سیاحت کو فروغ ملے گا

سری لنکا میں سیاحت کا شعبہ غیرملکی ذخائر میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
سری لنکا کی سیاحت میں سعودی عرب اہم حیثیت رکھتا ہے اور مہمان نوازی کا شعبہ زیادہ سے زیادہ سعودی سیاحوں کو راغب کرنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سری لنکن حکام نے پیر کو بتایا ہے کہ ملک میں غیرملکی ذخائر کے اہم ذرائع میں سے سیاحت کا شعبہ روایتی طور پر اہم حیثیت رکھتا ہے۔
سری لنکا نے 2018 میں سیاحت کے ذریعے مجموعی طور پر تقریباً 4.4 بلین ڈالر کی آمدن حاصل کی جو کہ ملکی قومی پیداوار کا  5.6 فیصد بنتی ہے۔
عالمی وبائی مرض کورونا میں 2020 کے دوران بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کے باعث آمدورفت کا سلسلہ رک گیا اور سیاحت کے ذریعے ہونے والی آمدن ایک فیصد سے بھی کم رہ گئی۔
کورونا کے خاتمے کے بعد تاریخ کے بدترین معاشی بحران میں ڈوبنے کے بعد سری لنکا نے ملک میں سیاحت کی صنعت کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے متعدد اقدامات شروع کیے ہیں۔
سیاحت کے شعبے کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے نئی حکمت عملیوں میں مشرق وسطیٰ، خلیجی ممالک اور خاص طور پر سعودی عرب پر امید قائم کی گئی ہے۔
سری لنکا کی حکومت نے گذشتہ جمعرات کو اعلان کیا کہ سعودی عرب سمیت 35 ممالک کے باشندوں کو مفت سیاحتی ویزے جاری کیے جائیں گے۔
کولمبو حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر سعودی عرب ملکی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اہم ترین ممالک میں سے ایک ہے۔

سعودی سیاحوں کی ضروریات کے لیے حلال فرینڈلی سروسز موجود ہے۔ فوٹو: انسٹاگرام

سری لنکن ٹورازم پروموشن بیورو کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سریشنی پیلاپتیا نے بتایا کہ ’ویزا کی سہولت سعودی عرب سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ کر سکتی ہے، دنیا کے دیگر مقامات کے مقابلے میں سری لنکا زیادہ پرکشش آپشن بن جائے گا اور سری لنکا کی سیاحت میں سعودی عرب اہم کردار ادا کرے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خوبصورت ساحل، ثقافتی مقامات اور قدرتی ذخائر کی سیاحتی پیشکش سعودی سیاحوں کی ترجیحات کے عین مطابق ہیں۔

سری لنکا نے 2018 میں سیاحت سے 4.4 بلین ڈالر آمدن حاصل کی۔ فوٹو: وکی پیڈیا

سری لنکا میں سعودی سیاحوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حلال فرینڈلی سروسز کے تحت خصوصی طور پر مسلمان سیاحوں کے لیے متعدد خدمات کی صلاحیت ہے۔
سعودی عرب اور سری لنکا کے درمیان فضائی سفر کا نسبتاً کم فاصلہ مختصر تعطیلات میں بھی یادگار قیام کے لیے پرکشش مقام ہے۔
سعودی سیاحوں کی خرچ کرنے کی صلاحیت اور آف پیک سیزن کے دوران سفر کرنے کا رجحان سری لنکا کی سیاحت کی صنعت کو سال بھر مستحکم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔

سری لنکا کی سیاحت کے فروغ کے لیے سعودی عرب اہم مک ہے۔ فوٹو: گیٹی امیجز

اکتوبر کے بعد سے سعودی مسافروں کے لیے نئی اعلان کردہ ویزا فری پالیسی لاگو ہونے کے بعد، سری لنکا کے سیاحتی شعبے میں امید افزاء رحجان پیدا ہو گیا ہے۔
 

شیئر: