Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دلجیت دوسانجھ نے اپنی پہلی تنخواہ کے 3 ہزار روپے کہاں خرچ کیے تھے؟

ایک انٹرویو میں دلجیت دوسانجھ نے اپنی پہلی نوکری اور حاصل ہونے والی پہلی تنخواہ کے بارے میں بتایا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حال ہی میں ’دل لو مناتی‘ ٹور ختم کرنے والے معروف پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ صرف انڈیا کے ہی نہیں بلکہ دنیا کے معروف ترین گلوکاروں میں سے ایک ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق دلجیت دوسانجھ نے کوچالا سٹیڈیم اور جمی فالن شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے انڈیا کو عالمی سطح پر شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔
کیا آپ کو علم ہے دنیا کے مختلف ممالک کی سب سے مشہور جگہوں پر پرفارم کرنے والے دلجیت دوسانجھ نے کئی سال پہلے ایک چھوٹی سی جگہ سے اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی۔
ایک انٹرویو میں دلجیت دوسانجھ نے اپنی پہلی نوکری اور حاصل ہونے والی پہلی تنخواہ کے بارے میں بتایا ہے۔
انہوں نے پہلی مرتبہ 18 سال کی عمر میں ایک جنم دن کی تقریب میں پرفارم کر کے تین ہزار انڈین روپے کمائے تھے۔
لیکن کیا آپ کو علم ہے دلجیت دوسانجھ نے ان تین ہزار روپے سے کیا کیا تھا؟ آپ یہ واقع جان کر حیران ہوں گے کہ انہوںنے اپنی پہلی کمائی سے ایک نادار شخص کی مدد کی تھی اور باقی کچھ رقم گردوارا صاحب (سکھوں کی عبادت گاہ) میں خیرات کر دی تھی۔
دلجیت نے ایک بے سہارہ ذہنی مسائل کا شکار اکیلے رہنے والے شخص کو سائیکل خرید کر دی تھی۔
اگر ان کے میوزک کیریئر پر اگر نظر دوڑائی جائے تو ان کی پہلی میوزک البم ’عشق دا اُڑا اڈھا‘ 2004 میں ریلیز ہوئی تھی تاہم انہیں شہرت تیسری البم سے ملی تھی۔
ان کی سنہ 2020 میں ریلیز ہونے والی میوزک البم ’جی او اے ٹی‘ نے دنیا بھر میں خوب پذیرائی سمیٹی تھی۔ دلجیت دوسانجھ نے اداکاری کا آغاز سنہ 2016 میں ’اڑتا پنجاب‘ سے کیا تھا۔
اس کے بعد انہوں نے متعدد فلموں میں اداکاری کی۔ حالیہ عرصے میں ریلیز ہونے والی ’امر سنگھ چمکیلا‘ دلجیت دوسانجھ کی مشہور ترین فلموں میں سے ایک تھی جبکہ وہ آئندہ ’بارڈر ٹو‘ میں سنی دیول، ورون دھون اور آہان شیٹھی کے ساتھ دکھائے دیں گے۔

شیئر: