Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسلا کی روبو ٹیکسی کے ڈیزائن میں ایسا کیا کہ ماہرین بھی چکرا گئے؟

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا نے حال ہی میں اپنی آنے والی ’روبو ٹیکسی‘ کا ڈیزائن متعارف کروایا ہے۔
یہ ٹیکسی اپنی طرز کی منفرد ٹیکسی ہے جس میں صرف دو سیٹیں ہیں۔
عام روایتی ٹیکسی کے برعکس اس میں سامان و مسافروں کے لیے علیحدہ سے سوار ہونے کی گنجائش نہیں ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اس سپورٹس کار کی شکل و صورت والی ٹیکسی کے ڈیزائن کے لانچ کے بعد ماہرین اور تجزیہ کار حیران ہیں۔
جمعرات کو ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ایک تقریب کے دوران روبو ٹیکسی کا پروٹو ٹائپ لانچ کیا۔
ایلون مسک کے مطابق روبو ٹیکسی کی پیداوار 2026 میں شروع ہو جائے گی اور اس کی قیمت 30 ہزار امریکی ڈالر ہوگی۔
تاہم دوسری جانب یہ سوالات بھی اپنی جگہ پر موجود ہیں کہ دوستوں کا کوئی گروہ یا ایک خاندان کے افراد جو ایئرپورٹ یا کسی ریسٹورنٹ جانا چاہتے ہیں وہ کیسے پہنچیں گے؟
یا پھر یہ ٹیکسی صرف ٹیسلا کے صارفین کو متاثر کرنے کے لیے بنائی گئی ہے؟
سرمایہ کاروں نے ڈیزائن اور گاڑی سے متعلقہ مالی تفصیلات کی کمی کا مذاق اُڑایا جس کی وجہ سے جمعے کو وال سٹریٹ میں ٹیسلا کے سٹاکس 9 فیصد گر گئے۔
گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والی ویب سائٹ سے منسلک جانچ پڑتال کے شعبے کے ڈائریکٹر جوناتھن ایلفلان کا کہنا ہے کہ ’جب آپ کیب یا ٹیکسی کے بارے میں خیال کرتے ہیں تو آپ کے دماغ میں آتا ہے کہ اس میں دو سے زائد افراد سوار ہو سکیں گے۔‘
وہ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہتے ہیں کہ ’لیکن دو سیٹر اس طرح کی کاریں بنانا پریشان کن ہے۔‘
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ روبو ٹیکسی کی ایک اور قسم روبو وین بھی لانچ کی جائے گی جو بڑی گاڑی ہو گی اور اس میں 20 افراد کے سوار ہونے کی گنجائش ہو گی۔
تاہم اس بارے میں ابھی کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں کہ یہ کب تک صارفین کو دستیاب ہو گی۔

شیئر: