اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے پیر کو العلا کے تاریخی علاقے ’الحجر‘ کا دورہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مدینہ منورہ ریجن کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان، وزیر تجارت ماجد القصبی، رائل کمیشن آف العلا کی قائم مقام سی ای اوعبیر العقل اوردیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
الحجر کا قدیم علاقہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں رجسٹرڈ پہلا سعودی ثقافتی ورثہ ہے، یہاں اہم آثارقدیمہ اور تاریخی آثار جن میں قصر الفرید اور ہزاروں برس قدیم دیگر مقامات شامل ہیں۔

الحجر میں نبطی ریاست کے دور کی قبروں کے واضح آثار موجود ہیں جو پہاڑوں کے اندر موجود ہیں۔ ان پر بیرونی طور پر نقش و نگار بنے ہوئے ہیں۔
العلا میں بہت سے ایسے تاریخی مقامات ہیں جو جزیرہ نما عرب کے اہم آثار قدیمہ میں سے شمار ہوتے ہیں۔
یہاں پہاڑوں اور وادیوں کے امتزاج پر مشتمل قدرت کا حسن نظر آتا ہے۔ اس کی تاریخ ہزاروں برس پرانی ہے۔ یہاں کے پہاڑوں پر کندہ قدیم نقوش تہذیبی تاریخ کے ریکارڈ کی حیثیت رکھتا ہے۔