Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھریلو اور سادہ مشروبات جو پُرسکون نیند کے لیے مفید ہو سکتے ہیں

کچھ گھریلو مشروبات قدرتی طور پر نیند لانے میں مدد دے سکتے ہیں (فائل فوٹو: پکسا بے)
اچھی اور پرسکون نیند مجموعی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ جسم کو ٹھیک اور تندرست رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق گہری نیند مدافعتی نظام کو مضبوط کرتی ہے، دماغی صلاحیتوں کو بہتر بناتی ہے اور ہارمونز کے توازن کو برقرار رکھتی ہے۔
خراب نیند وزن بڑھنے، تناؤ کی سطح میں اضافے، کمزور مدافعتی نظام اور یہاں تک کہ دل کی بیماری اور ذیابیطس جیسی دائمی بیماریوں کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔
کچھ گھریلو مشروبات قدرتی طور پر نیند میں مدد دے سکتے ہیں کیونکہ یہ جسم کو سکون پہنچاتے ہیں، تناؤ کو کم کرتے ہیں اور میلاٹونن اور سیروٹونن جیسے نیند لانے والے نیوروٹرانسمیٹرز کی پیداوار میں اضافہ کرتے ہیں۔
آئیے آپ کو کچھ ایسے مشروبات کے بارے میں بتاتے ہیں جن کے استعمال سے آپ کو گہری اور پرسکون نیند آسکتی ہے۔

جائفل ملا گرم دودھ

گرم دودھ میں ٹرپٹوفین نامی امینو ایسڈ پایا جاتا ہے جو سیروٹونن اور میلاٹونن کی پیداوار بڑھا کر جسم کو سکون فراہم کرتا ہے۔
اس میں تھوڑی سی جائفل شامل کرنے سے اس کا خواب آور اثر مزید بڑھ جاتا ہے۔ جائفل میں مائرسٹیسن موجود ہوتا ہے جو ہلکی پرسکون خصوصیات رکھتا ہے۔
سونے سے آدھا گھنٹے پہلے ایک کپ گرم دودھ میں تھوڑی سی جائفل ملا کر پینے سے نیند آنے میں مدد مل سکتی ہے۔

گُل بابونہ کی چائے

گُل بابونہ کی چائے نیند کے لیے سب سے مشہور جڑی بوٹیوں والی چائے میں سے ایک ہے۔

گُل بابونہ کی چائے نیند کے لیے مشہور جڑی بوٹیوں والی چائے میں سے ایک ہے (فائل فوٹو: پسکابے)

اس میں ایپیجینن نامی اینٹی آکسیڈنٹ پایا جاتا ہے، جو دماغ کے مخصوص ریسیپٹرز سے جُڑ کر سکون فراہم کرتا ہے اور بے چینی کو کم کرتا ہے۔
سونے سے ایک گھنٹہ قبل ایک کپ گل بابونہ کی چائے پینا آپ کو پرسکون ہونے اور تیزی سے نیند لانے میں مدد دے سکتا ہے۔

کھٹی چیری کا جوس

کھٹی چیری قدرتی طور پر میلاٹونن فراہم کرتی ہے جو نیند کو منظم کرنے والا ہارمون ہے۔
شام کے وقت چینی کے بغیر کھٹی چیری کا جوس پینے سے نیند کے دورانیے اور معیار میں بہتری آسکتی ہے جس کی وجہ سے یہ بے خوابی کے لیے ایک بہترین قدرتی علاج ثابت ہو سکتا ہے۔

کیلے کا شیک

کیلے میگنیشیم اور پوٹاشیم سے بھرپور ہوتے ہیں، یہ پٹھوں کو آرام دینے اور رات کے وقت ہونے والے کھچاؤ کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

کیلے میگنیشیم اور پوٹاشیم سے بھرپور ہوتے ہیں (فائل فوٹو: پکسابے)

کیلے کو گرم دودھ اور بادام کے ساتھ بلینڈ کریں، اس میں تھوڑی سی دار چینی شامل کریں اور اس طرح سے اچھی نیند کے لیے شیک تیار کیا جا سکتا ہے۔
کیلے میں موجود ٹرپٹوفین بھی میلاٹونن کی پیداوار کو بڑھانے میں معاون ہوتا ہے۔

بادام اور شہد ملا دودھ

بادام کا دودھ ایک بہترین نباتاتی متبادل ہے جس میں میگنیشیم موجود ہوتا ہے، میگنیشیم ایسا مرکب ہے جس کے استعمال کی وجہ سے نیند میں مدد ملتی ہے۔

بادام  کا دودھ ایک بہترین نباتاتی متبادل ہے (فائل فوٹو: پکسابے)

اس میں ایک چمچ شہد شامل کرنے سے تھوڑی مقدار میں گلوکوز فراہم ہوتا ہے جو تناؤ کے ہارمُونز کو کم کرنے اور دماغ کو نیند لانے والے کیمیکلز پیدا کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ہلدی والا دودھ

ہلدی میں کرکومن پایا جاتا ہے جو سوزش کم کرنے اور جسم کو سکون پہنچانے والی خصوصیات رکھتا ہے۔ یہ تناؤ کو کم کرنے اور نیند کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
گرم دودھ میں ہلدی، کالی مرچ اور شہد ملا کر ’گولڈن ملک‘ بنایا جاتا ہے جو ایک آرام دہ مشروب ہے اور سکون فراہم کرکے بہتر نیند میں مدد دیتا ہے۔

 

شیئر: