Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2034: سعودیہ ایئر کے لیے جدید طرز کے 191 طیارے خریدنے کا فیصلہ

ایئرلائن کے طیاروں کی تعداد 381 تک پہنچ جائے گی(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کو ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی باقاعدہ طورپر ملنے کے بعد تمام اداروں کی جانب سے تیاریوں کے لیے منصوبہ بندی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
قومی فضائی کمپنی ’السعودیہ ایئر‘ کے بیڑے میں 191 طیاروں کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایئرلائن کے  ترجمان انجینئرعبداللہ الشھرانی نے بتایا کہ فضائی کمپنی کے بیڑے میں اضافے کے لیے معاہدے کے تحت مرحلہ وار نئے طیاروں کی وصولی ہوگی۔
العربیہ نیوز کے مطابق ائیرلائن کے ترجمان الشھرانی نے مزید کہا کہ فضائی بیڑے میں اضافے کا مقصد اندرون مملکت اور بیرون ملک سے ورلڈ کپ میں شرکت کےلیے آنے والوں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ خریدے جانے والے طیارے جدید طرز کے ہوں گے ۔ اس وقت تک ایئرلائن کے پاس 190 طیارے ہیں سال 2034 میں ان کی مجموعی تعداد 381 تک پہنچ جائے گی۔
سعودیہ ایئرلائن کے بیڑے میں اضافے کا مقصد  ایکسپو 2030 کی میزبانی کی تیاریاں بھی ہیں جس کےلیے فضائی مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے بدھ 11 دسمبر کو  فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کے نام کا باقاعدہ طورپر اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد سے مملکت کے تمام سرکاری اداروں کی جانب سے میزبانی کے لیے منصوبہ بندی کا آغاز کردیا گیاہے۔
ورلڈ کپ 2034 کے میچز مملکت کے پانچ شہروں میں منعقد ہوں گے جن میں ریاض ، جدہ ، الخبر، نیوم اور ابھا شامل ہیں۔ افتتاحی اور اختتامی تقریب ریاض میں ہوگی۔

شیئر: