مملکت بھر میں رمضان رعایتی سیل کا آغاز اتوار سے
’ملک بھر میں رعایتی سیل 4 اپریل تک جاری رہے گی‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں رمضان رعایتی سیل کا آغاز کل اتوار سے ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق رعایتی سیل 4 اپریل تک جاری رہے گی جس کا مقصد لوگوں کو جلد خریداری کی ترغیب دینا اور آخری لمحات کی بھیڑ سے بچانا ہے۔
وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ’رعایتی سیل میں شامل ہونے والے تجارتی مراکز کے پاس اجازت نامہ ہے، صارفین بارکوڈ سکین کرکے تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں‘۔
واضح رہے تجارتی قانون کے تحت مصنوعات پر رعایتی سیل کے بورڈ اس وقت تک آویزاں نہیں کئے جاسکتے جب تک وزارت تجارت کی جانب سے پرمٹ حاصل نہ کیا جائے۔
پرمٹ کےحصول کےلیے ضروری ہے کہ مصنوعات کے عام نرخ اور رعایتی نرخوں کو واضح کرتے ہوئے تناسب ظاہر کیا جائے جس کے بعد وزارت سیل پرمٹ جاری کرتی ہے۔
سیل پرمٹ حاصل کئے بغیر کوئی بھی تجارتی ادارہ رعایتی سیل کے بورڈ یا تشہیری مہم شروع نہیں کرسکتا۔ ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔