مکہ مکرمہ ....وزارت داخلہ کے ترجمان منصور الترکی نے اعلان کیا ہے کہ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے مسجد الحرام اور اس کے زائرین پر دہشتگرد حملے کو ناکام بنادیا۔دہشتگرد گروہ کے افراد 3مقامات پر اڈے قائم کئے ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک جدہ اور 2مکہ مکرمہ میں تھے۔ پہلا آپریشن مکہ مکرمہ کے العسیلہ محلے میں موجود دہشتگردوں کیخلاف کیا گیا۔ دوسرا آپریشن مسجد الحرام کے اطراف واقع اجیاد المصافی محلے میں کیاگیا۔ اجیاد کے محلے میں روپوش دہشتگرد نے سیکیورٹی اہلکاروں کو دیکھ کر فائرنگ کردی۔ اسے خود کو حوالے کرنے کیلئے کہا گیا ۔ اس نے سنی ان سنی کرکے خودکش دھماکہ کردیا۔اس موقع پر 6غیر ملکی زخمی ہوئے جبکہ سیکیورٹی کے 5اہلکاروں کو بھی معمولی زخم آئے۔سیکیورٹی فورس نے اس اڈے سے ایک خاتون سمیت 5ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں مذکورہ اڈے کی ناکہ بندی 3گھنٹے تک جاری رہی۔ جدہ سے سیکیورٹی فورس کو مطلوب ایک دہشتگرد گرفتار کیا گیا۔ جدہ آپریشن میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔تینوں سیکیورٹی آپریشنز سے باخبر افراد نے بتایا ہے کہ دہشتگرد مسجد الحرام کے خارجی صحنوں میں نمازیوں پر خود کش حملے کا پروگرام بنائے ہوئے تھے۔ کئی ماہ سے انکا تعاقب جاری تھا۔امن عامہ نے وعدہ کیا ہے کہ اس حوالے سے مزید تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ سیکیورٹی فورس نے اس بات پر اللہ کا شکر ادا کیا کہ دہشتگردوں کی سازشوںکو قبل از وقت ہی ناکام بنادیا گیا اور اس طرح رمضان المبارک کی 29ویں شب کو جبکہ لاکھوں زائرین ختم قرآن کے اجتماع میں شرکت کیلئے مقدس شہر پہنچ رہے تھے انہیں ممکنہ دہشتگردی کے خوفناک نتائج سے بچالیا گیا۔