دبئی میں ’رومینٹک فراڈ‘، نامعلوم شخص نے یورپی خاتون سے 12 ملین درھم ہتھیا لیے
معمر خاتون کی دھوکے باز سے دوستی سوشل میڈیا پر ہوئی تھی (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس کے شعبے سائبرکرائم کے ڈائریکٹر کرنل سعید الھاجری نے سوشل میڈیا صارفین کو ’رومینٹک فراڈ ‘ کا شکار ہونے سے بچنے کی ہدایت کی ہے۔
امارات الیوم کے مطابق کرنل الھاجری نے ’عرب کاسٹ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر مختلف نوعیت کے فراڈ ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں ایک یورپی معمر خاتون سے افریقی شخص نے رومنٹک فراڈ کرکے 12 ملین درھم ہتھیا لیے۔‘
خاتون اپنی تنہا زندگی سے اکتائی ہوئی تھی ان کی دوستی ایک افریقی شخص سے ہوئی جس نے خاتون کے جذبات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے اپنے بارے میں غلط معلومات مہیا کیں۔
کرنل الھاجری نے مزید بتایا کہ ’معمر خاتون کی جس دھوکے باز سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی، اس نے خود کو دبئی میں مقیم مہذب اور پرکشش نوجوان ظاہر کیا۔ خاتون اس کی باتوں میں آ گئی اور زندگی بھر کی جمع پونجی جو کہ 12 ملین درھم تھی اسے منتقل کر دی۔‘
یورپی خاتون جب اس شخص سے ملاقات کے لیے دبئی پہنچی تو معلوم ہوا کہ جو ایڈریس دیا تھا وہاں اس نام اور شکل کا کوئی شخص رہتا ہی نہیں تھا۔
دھوکے کا علم ہونے پر خاتون نے پولیس سے رابطہ کیا کیس سائبرکرائم کو منتقل کیا گیا جہاں سے تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ جس اکاؤنٹ کے ذریعے ان کا رابطہ تھا وہ دبئی سے نہیں بلکہ افریقہ سے آپریٹ ہوتا تھا۔
کرنل الھاجری کا مزید کہنا تھا کہ ’سوشل میڈیا پر دھوکے بازوں کی بہتات ہے، اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر بہت احتیاط کریں اور اپنے بارے میں معلومات اپ لوڈ نہ کریں۔‘
’دھوکے باز ایسے افراد کی پروفائل کا انتخاب کرتے ہیں جو مالی طور پر مستحکم اور تنہا ہوں۔ وہ ان سے جذباتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے قریب ہو جاتے ہیں، جو بعد میں بہت بڑے خسارے کا باعث بنتا ہے۔‘
