سعودی عرب میں کریڈٹ کارڈ قرضے سالانہ 16 فیصد اضافے کی عکاسی کرتے ہوئے 2024 میں 31.37 ارب ریال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
عرب نیوز کے مطابق کریڈٹ کارڈ میں اضافہ مملکت میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب تیزی سے منتقلی کو ظاہر کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
-
-
’سعودی عرب میں ای کامرس کی آمدنی 260 ارب ریال تک پہنچ جائے گی‘
Node ID: 878758
-
سعودی عرب میں ڈیجیٹل بینکنگ چینل ’مدی‘ سے ریکارڈ ٹرانزیکشنز
Node ID: 885574
سعودی مرکزی بینک (ساما) کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق کریڈٹ کارڈ قرضے اب مجموعی صارف فنانسنگ کا 6.66 فیصد بنتے ہیں جو گزشتہ چھ سال میں دوگنا ہیں۔
سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت کو جدید اور کیش لیس معیشت کی طرف لے جاتے ہوئے یہ اضافہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور نقدی کے کم استعمال کی پالیسی کے عین مطابق ہے۔
ساما کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں مجموعی صارف قرضے471 ارب ریال تک پہنچ گئے ہیں۔ اعداد و شمار میں رئیل سٹیٹ فنانسنگ، فنانس لیزنگ اور مارجن لینڈنگ شامل نہیں۔
قرض کی مختلف اقسام میں تعلیم کے لیے قرضے سب سے زیادہ بڑھے ہیں جو9.6 فیصد اضافے کے ساتھ8.17 ارب ریال اور سیاحت و سفری سہولیات کے قرضے8.1 فیصد بڑھ کر 992 ملین ریال تک پہنچے ہیں۔

گاڑیوں اور نجی نقل و حمل کے لیے کریڈٹ کارڈ قرضے سب سے بڑی کیٹیگری میں شامل رہے، جو کل صارف قرضوں کا 2.5 فیصد بنتے ہیں اور 11.71 ارب ریال کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
کریڈٹ کارڈ قرض کی خاص بات یہ سامنے آئی ہے کہ91.8 فیصد صارف قرضے ’متفرق‘ کیٹیگری میں شمار کیے گئے۔
صارف قرضے عام طور پر مقررہ ادائیگی کے شیڈول اور کم سود کی شرحوں کے ساتھ دیے جاتے ہیں جو اکثر گاڑیوں کی خریداری، تعلیم اور دیگر بڑے اخراجات کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
اس کے برعکس کریڈٹ کارڈ قرضے ایک ریوالونگ کریڈٹ کی سہولت ہے، جس میں صارفین مخصوص حد تک رقم استعمال کر سکتے ہیں اور غیر سود شرح کے تحت ادائیگیاں کرتے ہیں۔
مملکت میں کریڈٹ کارڈ قرضوں میں تیزی سے اضافے کی کئی وجوہ ہیں جس میں اسلامی بینکاری میں شریعت کے مطابق کریڈٹ کارڈز کی دستیابی سے زیادہ صارفین اس سہولت کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔

بینکوں نے صارفین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے فلیکسی کریڈٹ کارڈ بھی متعارف کرایا ہے جو سعودی نیشنل بینک اور ماسٹر کارڈ کی شراکت داری سے لانچ کیا گیا ہے۔
یہ کارڈ صارفین کو ادائیگیاں بلاسود چار اقساط میں تقسیم کرنے کی سہولت دیتا ہے۔
کریڈٹ کارڈ کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے بینکوں نے پروموشنل سکیموں میں مختلف انعامات اور کیش بیک آفرز کے علاوہ سفری رعایتیں اور مختلف قسط واری منصوبے متعارف کرائے ہیں۔
امریکن ایکسپریس سعودی عرب میں ہوٹل بکنگ اور ڈائننگ پر خصوصی رعائتیں دیتا ہے جو صارفین کو کریڈٹ کارڈ کے استعمال کی جانب راغب کرتی ہیں۔
