Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: حکومت کی کمزوری ہے کہ وہ ہماری ایک کانفرنس نہیں ہونے دے رہی، اپوزیشن

اہم نکات:
  • حکومت کا 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کا فیصلہ 
  • ایف بی آر میں جدید ٹیکنالوجی سے انسانی مداخلت کم کر رہے ہیں، وزیر خزانہ
  • پاکستان اور ازبکستان دو طرفہ تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے پر متفق
  • ٹیکس پالیسی آفس ایف بی آر سے فنانس ڈویژن منتقل

اجازت ہو یا نہ ہو، ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ یہ کانفرنس ضرور ہو گی: شاہد خاقان
اپوزیشن گرینڈ الائنس کے رکن اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن اتحاد کو کانفرنس کا انعقاد کروانے کی اجازت نہ ملنے پر کہا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کل یہ کانفرنس ضرور ہوگی۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئین کی بالادستی پر بات کرنی ہے۔ یہ حکومت کی سب سے بڑی کمزوری ہے کہ وہ ایک کانفرنس نہیں ہونے دے رہی۔‘
قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ’شہباز شریف اور محسن نقوی کو واضح پیغام ہے کہ کل ہم ضرور آئیں گے۔ پاکستان میں نہ آئین اور نہ قانون ہے۔ کل اگر انہوں نے یہ حرکت کی تو میں بطور اپوزیشن لیڈر چیف جسٹس آف پاکستان کا دروازہ کھٹکٹاؤں گا۔‘

حکومت کا 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کا فیصلہ 

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے زرعی ٹیوب ویل اور 300 یونٹ کے بجلی صارفین کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
جون 2015 سے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ میں کمی کا فائدہ روک دیا گیا تھا۔
دسمبر 2010 سے زرعی ٹیوب ویل کو ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ میں کمی ختم کر دی گئی تھی۔
پاور ڈویژن نے نیپرا کو اس اقدام سے متعلق خط لکھ دیا ہے۔

ایف بی آر میں جدید ٹیکنالوجی سے انسانی مداخلت کم کر رہے ہیں، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس پالیسی آفس اب ایف بی آر سے فنانس ڈویژن کو منتقل ہو چکا ہے۔
بدھ کو پشاور میں چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایف بی آر میں جدید ٹیکنالوجی سے انسانی مداخت کم کر رہے ہیں جس سے کرپشن کم ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں اعتماد اور شفافیت بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ملک میں معاشی استحکام کے اثرات مل رہے ہیں، اور برآمدات پر مبنی ترقی ہماری ترجیح ہے۔‘
اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ نے مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خزانہ نے کہا کہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں اور بہترین مالیاتی انتظامات پر خیبر پختونخوا کی کارکردگی کا سراہتے ہیں۔

پاکستان اور ازبکستان کا دو طرفہ تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
بدھ کو تاشقند میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے کہا کہ روشن مستقبل کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت اور معاہدے بہت اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم دو ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ ’پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مضبوط روابط قائم ہیں، اور درسمت سمت میں جا رہے ہیں۔‘
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور صدر شوکت مرزایوف کے درمیان ملاقات ہوئی اور دونوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر پر دستخط کی تقریب ہوئی۔

اعظم نذیر تارڑ کا انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

وزیر قانون برائے انصاف اور انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 58ویں اجلاس کے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ایک دہائی میں انسانی حقوق سے متعلق 70 سے زائد قوانین کو نافذ کرنے سمیت مضبوط قانون سازی اور پالیسی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے حالیہ 26ویں آئینی ترمیم کو ایک صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کے انسانی حقوق کے فریم ورک میں سنگ میل قرار دیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حقوق کی پاسداری کے لیے فیصلہ کن اقدام کرے۔

’شاہ رخ، عامر اور سلمان سے ملنا چاہتا ہوں‘،  انڈیا میں زیرِعلاج 10 سالہ پاکستانی بچے کی خواہش
فیاض احمد، اردو نیوز پشاور

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے 10 برس کے محمد حسنین پھیپھڑوں کے مرض کے علاج کے لیے واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا پہنچ چکے ہیں۔
وہاں ان کا معائنہ میکس سوپر سپشیلٹی ہسپتال دہلی میں کیا جا رہا ہے۔
محمد حسنین نے دورانِ علاج بالی وُڈ کے تین بڑے سٹارز سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں

غیرملکی ٹیموں کی آمدورفت، سری نگر اور ایکسپریس وے پر ٹریفک سست روی کا شکار

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے غیرملکی ٹیموں کی آمدورفت کے لیے روٹ کے باعث سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک تعطل اور سست روی کا شکار رہے گی۔
منگل کو چیف ٹریفک آفیسر نے ایک بیان میں کہا کہ آج ساڑھے چار سے ساڑھے چھ بجے تک مختلف اوقات میں سری نگر ہائی وے، کلب روڈ ، مری روڈ، فیض آباد، فیصل ایونیو، نائنتھ ایونیو اور ایکسپریس ہائی وے پر روٹ لگایا جائے گا۔
’شہری دوران روٹ اسلام آباد میں سفر کے لیے مختلف انڈر پاسز اور سری نگر ہائی وے سے منسلک سروس روڈ کا استعمال کریں۔‘

’ایک بھی ایسا کھلاڑی نہیں جو بغیر پرفارمنس ٹیم میں آیا ہو‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف مقابلہ کرنے والی انڈین ٹیم سب سے زیادہ تجربہ کار تھی۔
دھ کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ ’کھلاڑی افسردہ ہیں۔ ٹیم جب توقعات کے مطابق نہیں کھیلتی تو سب سے زیادہ دکھ کھلاڑیوں کو ہوتا ہے۔‘
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں

نوشکی: سپائکس کھینچنے سے چھ بہنوں کا اکلوتا بھائی ہلاک، کسٹم افسران کے خلاف مقدمہ درج
زین الدین احمد، اردو نیوز کوئٹہ

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں گاڑی روکنے کی کوشش کے دوران کسٹم اہلکاروں کی کارروائی کے نتیجے میں 16 سالہ نوجوان ہلاک ہو گیا۔
لواحقین کا الزام ہے کہ میٹرک کے طالبعلم اور چھ بہنوں کے اکلوتے بھائی مدثر احمد کو گاڑی نہ روکنے پر کسٹم انسپکٹر نے پتھر مار کر زخمی کیا اور بعد ازاں سڑک پر سپائکس (نوکیلے کیل والی رکاوٹ) کھینچ کر گاڑی کے ٹائر برسٹ کر دیے جس کی وجہ سے گاڑی الٹ گئی اور نوجوان موقع پر ہلاک ہوگیا۔
واقعے کے خلاف مشتعل مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے کسٹم کی دو گاڑیوں کو نذرِ آتش کردیا اور لاش سڑک پر رکھ کر دھرنا دے دیا۔
 پولیس نے لواحقین کی درخواست پر کسٹم کے تین افسران کے خلاف قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، جس میں سے ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔

9 مئی مقدمات: حکومت نے ضمانت منسوخی کی درخواستوں پر دلائل کے لیے وقت مانگ لیا

9 مئی کو راولپنڈی میں عسکری تنصیبات پر حملوں کے کیس میں پنجاب حکومت نے ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر دلائل کے لیے وقت مانگ لیا۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پنجاب حکومت کی اپیلوں پر سماعت کی۔
چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے کہا کہ کچھ اپیلیں تو مقدمہ منتقل کرنے کی بھی ہیں۔ مقدمہ منتقلی کی اپیلیں تو غیر موثر ہو چکی ہیں۔
عدالت نے پنجاب حکومت کو رپورٹس جمع کرانے کی مہلت دے دی۔

انگلینڈ یا افغانستان، آج دونوں ٹیموں کے لیے میچ جیتنا لازمی

چیمپئنز ٹرافی گروپ بی میں آج انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان اہم میچ کھیلا جا رہا ہے۔
انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں میچ کھیلا جا رہا ہے، آج دونوں ٹیموں کو ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے میچ جیتنا لازمی ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور برائیڈن کارس کی جگہ جیمی اورٹن کو شامل کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں انڈیا اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، منگل کو گروپ بی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

مصطفیٰ کیس، بنگلہ نمبر 35 جس کی سکیورٹی ’خفیہ ایجنسی کے دفتر سے کم نہیں‘
زین علی، اردو نیوز کراچی

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں واقع بنگلہ نمبر 35 ان دنوں ہر کسی کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ یہ وہی بنگلہ ہے جس میں سرزد ہونے والے جُرم نے پورے شہر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
بنگلہ باہر سے دیکھنے میں تو ایک عام سا گھر نظر آتا ہے لیکن اندر جھانکیں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ صرف ایک رہائش گاہ نہیں۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں

اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کی قومی کانفرنس، ’آئین کی بالادستی پر بات ہوگی‘
اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کی قومی کانفرنس کا آغاز ہو گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے علاوہ عوام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی بھی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج کانفرنس میں آئین کی بالادستی پر بات ہو گی۔ ’ملک میں بات کرنے کی اجازت نہیں، قانون بنائے جاتے ہیں کہ بات کو دبایا جا سکے، یہ ملک کی بدنصیبی ہے۔‘

اسلام آباد میں ہونے والا اپوزیشن جماعتوں کا اجتماع ان کاوشوں کی ایک کڑی ہے، جس کے ذریعے پی ٹی آئی دوسری اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر ایک گرینڈ الائنس تشکیل دینا چاہتی ہے۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی قیادت کی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور حال ہی میں شاہد خاقان عباسی سے بھی اس سلسلے میں روابط بڑھائے گئے ہیں۔

ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری

ملک کے بیشتر حصوں میں آج بدھ کو بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بالائی حصوں میں وقفے وقفے کے ساتھ برفباری ہو رہی ہے اور کئی مقامات کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
بارش کے باعث صوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سمیت سیاحتی علاقے مری میں بھی کئی گھنٹوں سے بجلی کا نظام متاثر ہے۔
موسم سے متعلق مزید اپ ڈیٹس کے لیے یہاں کلک کریں
 

شیئر: