سعودی وزارات خارجہ نے جمعے کو کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) جیل میں اسیر بانی عبداللہ اوکلان کی طرف سے شدت پسند گروپ کو تحلیل کرنے اور ہتھیار ڈالنے کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں سعودی عرب کی طرف سے ترکیہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی عبداللہ اوکلان کا یہ بیان خطے میں سلامتی، امن اور خوشحالی کو بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات میں تبدیل ہوگا۔
ترکیہ میں عرصہ سے برسرِپیکار تنظیم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے رہنما عبداللہ اوجلان نے ایک پیغام میں اپنے ماننے والوں کو ہتھیار ڈالنے کے لیے کہا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق عبداللہ اوجلان سنہ 1999 سے ترکیہ کی جیل میں زیرِحراست ہیں اور اُن کو قیدِتنہائی میں رکھا گیا ہے۔
استنبول کی جیل کے سیل سے دیے گئے بیان میں انہوں نے کرد عسکریت پسند گروپ سے ہتھیار ڈالنے کے لیے کہنے کے ساتھ اس کی تحلیل کا بھی اعلان کیا جس کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ترک حکام گزشتہ چار ماہ سے کردستان ورکرز پارٹی کی بنیاد رکھنے والے رہنما سے مذاکرات کر رہے تھے۔