حرمین شریفین میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز
’اعتکاف کا دورانیہ 20 رمضان سے شروع ہو کر چاند رات کی نمازِ عشا تک جاری رہے گا‘ ( فوٹو: سبق)
حرمین انتظامیہ نے اپنے الیکٹرانک پورٹل کے ذریعے حرمین شریفین میں اعتکاف کے لیے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ نے اعتکاف کے خواہشمند افراد سے درخواستیں جمع کرانے کی اپیل کی ہے۔
حرمین انتظامیہ کے پورٹل پردرخواست دہندہ کو اعتکاف کا مقام منتخب کرنا ہوگا، چاہے وہ مسجد الحرام ہو یا مسجد نبوی، اس کے علاوہ انہیں سروس سے متعلق آگاہی ویڈیو دیکھنی ہوگی اور اعتکاف کے دوران مقرر کردہ شرائط کی پابندی کرنی ہوگی۔
اعتکاف کا دورانیہ 20 رمضان سے شروع ہو کر چاند رات کی نمازِ عشا تک جاری رہے گا۔
انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ اعتکاف کے اجازت نامے کی خدمت ان افراد کے لیے مخصوص ہے جن کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہو اور جو مملکت میں شہری یا باقاعدہ اقامہ رکھنے والے مقیم ہوں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’یہ اجازت نامے مفت جاری کئے جاتے ہیں بشرطیکہ درخواست دہندہ مخصوص سروس لنک کے ذریعے اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کی درخواست جمع کرائے‘۔
یہ سروس عربی، انگریزی اور اردو زبانوں میں دستیاب ہے۔
حرمین انتظامیہ کے پورٹل پر جانے اور رجسٹریشن کے لیے یہاں کلک کریں۔