Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل میں قدیم مسجد ’فیضہ اثقب‘ کی بحالی و تزئین

منصوبے میں شامل مساجد کی اصل تعمیراتی شناخت برقرار اور قائم و دائم رکھی گئی ہے۔ فوٹو واس
سعودی عرب میں قائم قدیم و تاریخی مساجد کی اصلاح و مرمت اور آرائش و تزئین کا محمد بن سلمان منصوبہ  دوسری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
سعودی نیوز ایجنسی واس کے مطابق مساجد کی بحالی کے منصوبے میں حائل ریجن میں واقع مسجد فیضہ اثقب شامل ہے جو ابتدائی طور پر 1946 میں تعمیر کی گئی تھی۔
محمد بن سلمان پروجیکٹ کا مقصد تاریخی مساجد کی دوبارہ بحالی اور ان کی مذہبی، ثقافتی اور سماجی اہمیت کو دوبارہ قائم کرنا ہے۔
اس منصوبے کے تحت اسلامی ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مملکت میں قائم قدیم مساجد کی تعمیراتی خوبصورتی کو اجاگر کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
حائل کی مسجد فیضہ اثقب کی بحالی میں علاقے کے روایتی طرز تعمیر کو خاص اہمیت دی گئی ہے جس کے لیے مٹی سے تعمیر کی تکنیک اور قدرتی مواد کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
حائل ریجن کے مخصوص طرز تعمیر، مقامی ماحول اور صحرائی آب و ہوا کے مطابق قدیم مسجد کی تزئین و آرائش کے ساتھ اس کی انفرادیت برقرار رکھتے ہوئے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔
منصوبے کے تحت مسجد کی تمام بنیادی خصوصیات کو محفوظ رکھا جائے گا جبکہ ہوا کی آمد ورفت  کے لیے شمال کی جانب کھڑکیوں کو برقرار رکھا جائے گا تا کہ مسجد کا اندرونی ماحول ٹھنڈا اور پُرسکون بنایا جا سکے۔

منصوبے کے تحت 13علاقوں میں 30 تاریخی مساجد کی بحالی شامل ہے۔ فوٹو سعودی پیڈیا

مساجد کی بحالی اور تزئین و آرائش کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مملکت کے 13 مختلف علاقوں میں 30 تاریخی مساجد کی بحالی شامل ہے۔ 
اس منصوبے کے تحت ریاض میں 6 مساجد ، مکہ میں5، مدینہ میں 4، عسیر میں 4، مشرقی ریجن، الجوف اور جازان میں 2،2 جبکہ شمالی حدود، تبوک، الباحہ، نجران، حائل اور القصیم میں ایک، ایک مسجد بحال کی جا رہی ہے۔

قدیم مسجد کی تزئین و آرائش کے ساتھ اس کی انفرادیت قائم رکھی گئی ہے۔ فوٹو واس

یہ منصوبہ روایتی اور جدید تعمیراتی طریقوں کے درمیان توازن قائم کرنے کا عزم رکھتا ہے تاکہ ان تاریخی مساجد کی پائیداری یقینی بنائی جا سکے۔
مساجد کی بحالی کے منصوبے پر تاریخی عمارتوں میں مہارت رکھنے والی سعودی کمپنیوں کے ذریعے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

ہوا کے گزر کے لیے شمالی کھڑکیوں کو برقرار رکھا جائے گا۔ فوٹو واس

منصوبے میں شامل سعودی انجینئرز اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ہر مسجد کی اصل تعمیراتی شناخت برقرار اور قائم و دائم رہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں دس مختلف علاقوں میں قائم 30 تاریخی مساجد کو کامیابی سے بحال کیا گیا تھا۔
 

 

شیئر: