قانون کی خلاف ورزی، غیرملکی ٹرک ڈرائیوروں پر جرمانے
ڈرائیوروں کو مملکت کے اندر سامان ڈلیور کرنے کی اجازت نہیں ہے۔(فوٹو: اخبار 24)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے قانون کی خلاف ورزی پر تین غیرملکی ٹرک ڈرائیوروں پر10 ہزار ریال کے جرمانے عائد کیے ہیں۔
قانونی طور پرغیرملکی نمبر پلیٹ والے ٹرک ڈرائیوروں کو مملکت کے اندر سامان ڈلیور کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے قانون کے مطابق غیرملکی ٹرک ڈرائیوروں کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے ٹرک سرحدی چوکیوں تک محدود رکھیں۔
سامان کی اندرون مملکت ترسیل کےلیے مقامی ٹرانسپورٹ کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں۔
قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹرک ڈرائیورز پر 10 ہزار ریال جرمانہ اور ٹرک 15 دن کے لیے پولیس یارڈ میں جمع کردیا جاتا ہے۔
اگر وہی خلاف ورزی دوسری بار کرنے پر جرمانہ 20 ہزار ریال اور کسٹڈی ٹائم 30 دن ہوگا۔
تیسری مرتبہ وہی خلاف ورزی ریکارڈ کیے جانے کی صورت میں جرمانہ 40 ہزار جبکہ کسٹڈی ٹائم 60 دن ہوگا۔
چوتھی بار جرمانہ 80 ہزار جبکہ پانچویں بار خلاف ورزی ریکارڈ کیے جانے کی صورت میں جرمانہ ایک لاکھ 60 ہزار اور ٹرک کو 60دن کے لیے پولیس کی تحویل میں رکھا جائے گا۔