مدینہ منورہ ترقیاتی اتھارٹی نے رمضان المبارک کے آخری عشرے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں سے مسجد نبوی اور مسجد قبا کے لیے شٹل بس سروس کے اوقات میں اضافہ کر دیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ’مدینہ بس‘ منصوبے کے تحت شہر کے مختلف علاقوں سے لوگوں کو مسجد نبوی اور مسجد قبا آمد و رفت کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

شہری انتظامیہ نے رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے شٹل سروس کے اوقات میں تبدیلی کی ہے جس کے تحت بس سروس کا آغاز سہ پہر 3 بجے ہوگا جو صلاۃ القیام ( نماز شبینہ) کے ختم ہونے کے آدھے گھنٹے تک جاری رہے گی۔
بس سروس کے لیے 7 پوانٹس مقرر کیے گئے ہیں جن میں سید الشھدا، الخالدیہ، محلہ شظاۃ، شاہ فہد محلہ، اسٹیڈیم، السلام کالج پارکنگ اور العالیہ مال شامل ہے جہاں سے زائرین کو مسجد نبوی اور مسجد قبا آمد ورفت کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

شٹل بس سروس سے ماہ رمضان المبارک اور حج سیزن میں اہل مدینہ کو کافی سہولت ہوتی ہے اور وہ ٹریفک ازدحام سے بچ جاتے ہیں ۔ مختلف علاقوں میں مقیم شہری اور غیرملکی اپنی گاڑیوں میں مسجد نبوی آنے کے بجائے شٹل بس سروس میں سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔