Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیپٹنز فوٹو شوٹ سے قبل پتا چلا کہ دھونی نے کپتانی چھوڑ دی: سی ای او چنئی سپر کنگز

مہندرا سنگھ دھونی آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ کپتانی کرنے والے کھلاڑی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 17ویں سیزن کے آغاز سے ایک دن قبل دفاعی چیمپیئن ٹیم چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی جانب سے ٹیم کی کپتانی چھوڑنے پر جہاں دنیا بھر کے کرکٹ مداح افسردہ ہیں وہیں فرنچائز کے سی ای او کاسی وشواناتھن بھی حیران ہیں۔
ایم ایس دھونی نے جمعے کو شیڈول آئی پی ایل 2024 کے پہلے میچ سے قبل چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کی کپتانی رتوراج گایکواڈ کے حوالے کر دی۔
ویب سائٹ کرک ٹریکر ڈاٹ کام کے مطابق چنئی سپر کنگز کے سی ای او کاسی وشواناتھن نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ وہ ایم ایس دھونی کے اس فیصلے پر حیران ہوئے ہیں۔
تاہم انہوں نے مہندرا سنگھ دھونی کے فیصلے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ سابق کپتان نے جو بھی فیصلہ کیا ہے وہ فرنچائز کی بہتری کے لیے ہی کیا ہوگا۔
نیوز 18 سے بات کرتے ہوئے چنئی سپر کنگز کے سی ای او کاسی وشواناتھن نے کہا کہ ’دھونی جو بھی کرتے ہیں، وہ ٹیم کی بہتری کے لیے کرتے ہیں۔ مجھے کیپٹنز میٹنگ (تقریب) سے کچھ دیر پہلے ہی اس بات کا علم ہوا۔ آپ کو اُن کے اس فیصلے کی عزت کرنی چاہیے۔ یہ اُن کی اپنی مرضی ہے۔‘
آئی پی ایل 17 کا پہلا میچ جمعے کو چنئی کے چیپوک سٹیڈیم میں چنئی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان کھیلا جائے گا۔
    
مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں چنئی سپر کنگز نے مجموعی طور پر (آئی پی ایل اور چیمپیئنز لیگ ٹی20) میں 235 میچز کھیلے۔
اُن کی قیادت میں سی ایس کے 2010، 2011، 2018، 2021 اور 2023 میں آئی پی ایل جیتی۔
اسی طرح ’کیپٹن کُول‘ کی کپتانی میں چنئی سپر کنگز نے 2010 اور 2014 میں چیمپیئنز لیگ ٹی20 کی ٹرافی بھی اپنے نام کی۔
 

ایم ایس دھونی نے سی ایس کے کی 212 میچوں میں کپتانی کی (فوٹو: اے ایف پی)

ایم ایس دھونی کی قیادت میں آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگ نے 212 میچز کھیلے جس میں اسے 128 میں جیت اور 82 میں شکست حاصل ہوئی جبکہ دو میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
آئی پی ایل میں ایم ایس دھونی نے چنئی سپر کنگز پر 2016 اور 2017 میں لگی پابندی کے باعث 14 میچوں میں رائزنگ پونے سپر جائنٹ کی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔
وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ کپتانی کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل میں مجموعی طور پر 226 میچوں میں کپتانی کی۔
دوسری جانب مہاراشٹرا کے شہر پونے سے تعلق رکھنے والے 27 برس کے رتوراج گایکواڈ چنئی سپر کنگز کی جانب سے 52 میچز کھیل کر 39 کی اوسط سے 1797 رنز بنا چکے ہیں۔
خیال رہے کہ ایم ایس دھونی نے 2019 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا تاہم وہ آئی پی ایل باقاعدگی سے کھیل رہے ہیں۔

شیئر: