27 ویں شب کی تیاریاں مکمل، لاکھوں زائرین کی آمد متوقع
’اجلاس کے دوران نائب گورنر کو متعلقہ اداروں کی جانب سے بریفنگ دی گئی‘ ( فوٹو: واس/الحرمین)
نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں 27 ویں شب اور مسجد الحرام میں قرآن پاک کے ختم کے موقع پر کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل نے زائرین کو سہولت فراہم کرنے والے تمام حکام اور کارکنان کی خدمات کو سراہا ہے۔
انہوں نے تمام اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ قیادت کی توقعات کو پورا کیا جا سکے۔

اجلاس کے دوران نائب گورنر کو متعلقہ اداروں کی جانب سے بریفنگ دی گئی جس میں خاص طور پر ہجوم کے نظم و نسق، نمازیوں اور زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے، ٹریفک مینجمنٹ کے منصوبوں اور پبلک ٹرانسپورٹ اسٹیشنز کی تیاری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

دوسری طرف حرمین شریفین انتظامیہ نے 27 ویں شب کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں تاکہ لاکھوں زائرین اور عبادت گزاروں کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے۔