Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھانوں کی ویڈیو جسے دیکھ کر منہ میں پانی بھر آئے، ٹک ٹاک ’فوڈ بیٹل‘ کون جیتا؟

فوڈ بیٹل میں خیبر پختونخوا کی ٹیم پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی (فوٹو: تیم عالم)
پاکستان میں پہلی بار ٹک ٹاک پلیٹ فارم کی طرف سے فوڈ وی لاگرز کے لیے فوڈ بیٹل کے نام سے منفرد مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے نامور فوڈ وی لاگرز نے حصہ لیا۔
فوڈ وی لاگرز کو ویڈیوز میں روایتی کھانوں کو منفرد انداز میں پیش کرنا تھا۔ فوڈ بیٹل میں خیبر پختونخوا کی ٹیم پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
فوڈ واریئر کے نام سے ٹیم کی قیادت فوڈ وی لاگر تیمور عالم کر رہے تھے جو سوشل میڈیا پر تیم عالم کے نام سے مقبول ہیں۔
تیم عالم کا تعلق ضلع نوشہرہ سے ہے جو کم ہی عرصے میں فوڈ وی لاگنگ کی دنیا میں اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔
ٹک ٹاک فوڈ بیٹل کے حوالے سے تیم عالم کا کہنا تھا کہ ’فوڈ بیٹل میں ملک بھر کے 30 وی لاگرز نے حصہ لیا جنہیں 5 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہر ٹیم میں 6 انفلوئنسرز شامل تھے۔ ہماری ٹیم نے تمام مراحل کو کامیابی سے مکمل کیا جس کی وجہ سے ہماری ٹیم فاتح قرار پائی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ فوڈ بیٹل میں ٹک ٹاک کی جانب سے مختلف چیلنجز دیے گئے تھے جن کو مقررہ وقت میں پورا کرنا تھا۔‘
تیم عالم نے کہا کہ ’ٹک ٹاک پر فوڈ وی لاگ بنا کر سوشل میڈیا کے لیے ٹرینڈز بنانے کے علاوہ ویوز بھی حاصل کرنا تھے جو ایک مشکل چیلنج تھا۔‘
فوڈ وی لاگر تیم عالم نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’انفلوئنسرز کو کانٹینٹ اور ٹرینڈنگ کے ساتھ آن لائن ووٹ بھی حاصل کرنا تھے، فود بیٹل میں ان کی ٹیم نے دو لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔‘ 
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس مقابلے میں خیبر پختونخوا کے علاوہ پنجاب اور سندھ کے معروف انفلوئنسرز اُن کے مدمقابل تھے۔‘ 

اس مقابلے میں خیبر پختونخوا کے علاوہ پنجاب اور سندھ کے معروف انفلوئنسرز نے بھی حصہ لیا (فائل فوٹو: وِکی پیڈیا)

فوڈ رومانس کا ٹرینڈ 
تیم عالم کے مطابق ’وہ کھانے کو ایسے پُرکشش انداز میں کھا کر دکھاتے ہیں کہ دیکھنے والے کے منہ میں پانی بھر آتا ہے۔میرے فوڈ وی لاگنگ کے انداز کو میرے فالوورز نے فوڈ رومانس کا نام دیا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ روایتی پکوانوں کو دلکش انداز میں دکھانا ایک آرٹ ہے۔ میری ویڈیوز کی بدولت مقامی کھانوں کو نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی متعارف کیا گیا ہے۔‘ 
ٹک ٹاک کی طرف سے غیرملکی دورہ 
ٹک ٹاک فوڈ بیٹل کو جیتنے کے بعد ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے تیم عالم اور ان کے ٹیم ممبرز کو ترکیہ کا مُفت ٹُور کروایا گیا۔ 
تیم عالم نے بتایا کہ ’10 دن کے دورے میں ترکیہ کی خوراک اور وہاں کی ثقافت کو دیکھنے کا موقع ملا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کرکے ملک کا نام روشن کیا جا سکتا ہے۔‘
تیم عالم کے مطابق فوڈ وی لاگنگ اب باقاعدہ ایک پروفیشن بن چکا ہے جس میں دنیا کے بیشتر انفلوئنسرز قدم رکھ رہے ہیں۔ 

 

شیئر: