Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوٹیوب کے سب سے بڑے سٹار مسٹر بیِسٹ کی ماہانہ آمدن ’40 لاکھ ڈالر‘؟

یونی لیڈ ٹیک کے مطابق معروف امریکی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کی مبینہ یوٹیوب کی کمائی آن لائن لیک ہو چکی ہے۔ 
مسٹر بیسٹ جن کا اصل نام جمی ڈونلڈسن ہے، اپنی پیچیدہ اور بھاری بھرکم نقدی انعامات والی چیلنج ویڈیوز کے لیے جانے جاتے ہیں۔
یوٹیوب چینل پر ان کی وائرل ویڈیوز کی بدولت انہیں 364 ملین سبسکرائبرز حاصل ہیں اور وہ دنیا کے مشہور ترین یوٹیوبر سمجھے جاتے ہیں۔ 
یوٹیوب صارفین ہمیشہ ہی اپنے پسندیدہ چینلز کی کمائی میں دلچسپی لیتے ہیں، اور مسٹر بیسٹ کو دنیا کا سب سے بڑا یوٹیوب چینل ہونے کے باعث سب کو تجسس ہوتا ہے کہ آخر جمی ڈولنڈسن ماہانہ کتنے ڈالرز کماتے ہوں گے۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ڈرامہ الرٹ نامی اکاؤنٹ نے مسٹر بیسٹ کے یوٹیوب چینل کی مبینہ آمدنی کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ’مسٹر بیسٹ کی یوٹیوب آمدنی لیک ہو کر آن لائن شیئر کی جا رہی ہے۔‘
پوسٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ’اس لیک پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے، اس پر مکمل یقین نہ کریں۔‘

شیئر کیے گئے مبینہ سکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ’مسٹر  بیسٹ کو گزشتہ 28 دن میں یوٹیوب پر 2.688 بلین ویوز حاصل ہوئے ہیں اور انہوں نے ماہانہ 4 ملین ڈالر سے زائد کمائے ہیں۔‘
مذکورہ پوسٹ پر متعدد صارفین اپنے تبصرے بھی کرتے دکھائی دیے۔  ایک صارف نے لکھا ’اس میں سپانسرز بھی شامل کریں اور ہم یہاں 7 ملین ڈالر ماہانہ کی بات کر رہے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مسٹر بیسٹ اس رقم کے حقدار ہیں۔‘

جوڈی نے لکھا ’یہ صرف یوٹیوب ک آمدنی ہے، ایکس، ٹک ٹاک، میٹا اور برینڈ ڈیلز مت بھولیں۔‘

ریان پیٹرک نے لکھا ’میں تو 4 ملین سے زائد کی توقع کر رہا تھا۔ اس سے زیادہ پیسے تو وہ اپنے ایک ویڈیو کی تیاری پر خرچ کر دیتے ہیں اور وہ دنیا کے نمبر ون کریئٹر ہیں۔‘

یاد رہے مسٹر بیسٹ یا ان کی ٹیم نے تاحال اس لیک ہونے والے سکرین شاٹ کی تصدیق نہیں کی ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے اعداد و شمار کا تخمینہ لگانے والی ویب سائٹ سوشل بلیڈ پر نظر دوڑائی جائے تو یہاں مسٹر بیسٹ کی ماہانہ یوٹیوب آمدن 6 سے 10 لاکھ ڈالر کی اوسط پر ہے۔ 

سوشل بلیڈ بھی کسی یوٹیوبر کی آمدن جانچنے کے لیے مستند ذریعہ نہیں ہے کیونکہ یہ ویب سائٹ صرف اندازہ ظاہر کرتی ہے۔ 

شیئر: