واشنگٹن.....ماہرین صحت نے کہا ہے کہ کئی اقسام کے ہیئر ڈائی اور گھنگھریالے بالوں کو سیدھا کرنے والے کیمیکلز خواتین میں بریسٹ کینسر کی وجہ بن سکتے ہیں لیکن اس کا اثر سفید فام اور سیاہ فام خواتین پر مختلف ہوسکتا ہے۔ نیوجرسی میں رٹگرز یونیورسٹی کے ماہرین نے جرنل کارسینو جنیسس میں ایک تحقیق شائع کی ہے جس کے مطابق ماہرین نے خواتین میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے ایک سروے کیا اور اس میں 20 سے 75 سال کی 4285 خواتین نے حصہ لیا اور ان میں سے 2280 خواتین کو بریسٹ کینسر تھا جن میں 1508 سفید فام اور 772 سیاہ فام تھیں۔ رپورٹ کے مطابق 58 فیصد سفید فام اور 30 فیصد سیاہ فام خواتین نے بالوں کا رنگ استعمال کیا جبکہ 5 فیصد سفید فام اور 88 فیصد سیاہ فام خواتین نے ریلیکسر استعمال کئے جو بریسٹ کینسر کی وجہ بنے۔ماہرین نے بغور جائزہ لینے کے بعد کہا کہ سیاہ فام خواتین بالوں کو رنگنے کےلئے گہرے شیڈز استعمال کرتی ہیں اور جن خواتین نے اسے استعمال کیا۔ رنگ استعمال نہ کرنے والی خواتین کے مقابلے میں وہ بریسٹ کینسر سے 50 فیصد زیادہ متاثر ہوئیں ۔ سفید فام خواتین میں یہ رحجان 74 فیصد تھا۔واضح رہے کہ 2012 میں پوری دنیا میں 17 لاکھ خواتین بریسٹ کینسر کی شکار ہوئی تھی اور امریکہ میں بریسٹ کینسر خواتین کا دوسرا بڑا سرطان ہے ۔ پہلا نمبر جلد کے کینسر کا ہے تاہم ہیئر ڈائی سیاہ فام خواتین کو زیادہ متاثر کرسکتی ہیں۔