Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ اور مغربی کنارے میں کسی بھی نقل مکانی یا الحاق کا سخت مخالف ہوں: فرانسیسی صدر

فرانسیسی صدر نے دو روزہ دورے پر مصر پہنچنے کے بعد عبدالفتاح السیسی کے ساتھ قاہرہ سوک میں رات کا کھانا کھایا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں نے کہا ہے کہ وہ غزہ اور اسرائیل کے زیرِقبضہ مغربی کنارے میں کسی بھی نقل مکانی یا الحاق کے سخت مخالف ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایمانوئل میکخواں نے پیر کو قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب عبدالفتاح السيسی سے ملاقات میں کہا کہ ’یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور اسرائیل سمیت پورے خطے کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہو گا۔‘
فرانسیسی صدر نے اتوار کو قاہرہ پہنچنے کے بعد مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ غزہ جنگ اور اس کے اثرات کے حوالے سے بات چیت کا آغاز کیا۔
پیر کو میکخواں، السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم ایک سربراہی اجلاس منعقد کریں گے، جبکہ منگل کو وہ غزہ کے قریب مصری بندرگاہ العريش جائیں گے تاکہ علاقے کی ابتر صورت حال کو اجاگر کیا جا سکے۔
فرانسیسی صدر نے دو روزہ دورے پر مصر پہنچنے کے بعد عبدالفتاح السیسی کے ساتھ قاہرہ سوک میں رات کا کھانا کھایا۔
انہوں نے نئے گرینڈ مصری میوزیم کے نجی دورے کے لیے بھی وقت نکالا، جس کا باضابطہ افتتاح تین جولائی کو کیا جائے گا، اور اس میں ایک لاکھ تاریخی نوادرات رکھے جائیں گے۔
دونوں صدور نے پیر کی صبح شاہ عبداللہ کے ساتھ سربراہی اجلاس سے قبل مزید باضابطہ ملاقات کی۔ فرانسیسی ایوان صدر نے جنگ کے خاتمے میں مصر اور اردن کی اہمیت پر زور دینے والی ملاقاتوں کے بارے میں کہا کہ ’غزہ کی صورتحال پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔‘
مصر، قطر اور امریکہ کے ساتھ مل کر اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ اس دوران امریکہ نے اردن اور مصر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ سے فلسطینی پناہ گزینوں کو قبول کریں۔

 

شیئر: