اسلام آباد... لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت پر دفتر خارجہ نے ہندوستانی قائم مقام ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے قائم مقام ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر رگھورام کو طلب کرکے نکیال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور سیز فائر کی خلاف ورزی کی مذمت کی۔دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ہندوستانی فائرنگ سے دوتھیلا گاوں کا رہائشی 22 سالہ عبدالوہاب جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوئے ۔دفتر خارجہ نے کہا کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت فعل ہے جو انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ ہند جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے اور فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کرائے۔