بیجنگ ..... دیوار چین کو محفوظ رکھنے کیلئے ان دنوں بڑی تیزی سے کام کیا جارہا ہے کیونکہ یہ دیوارکئی جگہ سے ٹوٹ چکی ہے اور مزدور اپنی جان جوکھم میں ڈال کر اس کی مرمت کرتے ہیں۔ ویسے تو مرمت کا کام سارا سال جاری رہتا ہے لیکن ان دنوں زیادہ تیزی سے کام جاری ہے۔ سارا کام ہاتھوں سے کیا جاتا ہے کیونکہ دیوار پر کرین وغیرہ پہنچانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دیوار کو اچھی شکل میں رکھنے کیلئے مزدور دن رات کام کررہے ہیں۔ بعض اوقات تو مزدوروں کو اپنے گرد رسی باندھ کر پلاسٹر کرنے کیلئے لٹکنا پڑتا ہے۔ کئی جگہ دیوار ٹوٹنے کو ہے۔ اس سلسلے میں کئی وڈیو سوشل میڈیا میں گردش کررہی ہیں۔ ایک وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھوڑوں پر تعمیراتی سامان رکھ کر لیجایا جارہا ہے۔ دیوار پر پیدل چڑھنے میں تقریباً40منٹ صرف ہوتے ہیں۔ مزدور بالٹیوں میں کنکریٹ بھر کر اوپر جاتے ہیں۔ وڈیو میں ایک مزدور کو کہتے سنا گیا کہ دیوار پر چڑھنا انتہائی خطرناک ہے۔ وہاں ہوا بھی بڑی تیز چل رہی ہوتی ہے۔ یہ دیوار تقریباً ایک ہزار سال قبل تعمیر کی گئی تھی اور شمال سے دشمنوں کے حملے کیلئے دفاعی لائن کے طور پر بنائی گئی تھی۔ بیجنگ کے باہر اس دیوار پر آنے والے سیاحوں کا تانتا لگا رہتا ہے۔ یہ دیوار شمالی چین کے کئی علاقوں سے گزرتی ہے۔