نئی دہلی۔۔۔۔اگرچہ یہ بات یقین کرنا مشکل ہے لیکن یہی حقیقت ہے کہ 11سالہ ہندوستانی بچے کا آئی کیوالبرٹ آئن اسٹائن اور اسٹیفن ہاکنگ سے بھی زیادہ ہے۔ ارنوشرما برطانیہ میں رہائش پذیر ہے۔ اس نے مینسا آئی کیو ٹیسٹ میں 162پوائنٹس حاصل کئے جو آئن اسٹائن اور ہاکنگ کی نسبت 2پوائنٹس زیادہ ہیں۔شرما نے اس آئی کیو ٹیسٹ کیلئے کوئی تیاری بھی نہیں کی تھی۔اخبار انڈیپنڈنٹ کے مطابق شرما نے کہا کہ ذہنی صلاحیت جانچنے کا یہ ٹیسٹ انتہائی مشکل تھا۔ مجھے بھی اپنے پاس ہونے کی کوئی امید نہیں تھی۔ امتحان دینے والوں میں 7یا 8افراد تھے جن میں سے صرف2بچے تھے۔شرما کی والدہ میشا بھی اپنے بچے کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا شکارتھیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال پہلے ہم ہندوستان گئے تھے تاکہ وہاں اس کے نانا نانی اور دادا، دادی کے ساتھ وقت گزا ر سکیں ۔ اس کی نانی نے تب کہا تھا کہ تمہارا بیٹا تعلیم حاصل کرنے میں سب سے سبقت لے جائے گا۔مجھے اس وقت اس کی صلاحیتوں کا علم ہوگیا تھا جب وہ ڈھائی سال کی عمر سے ریاضی میں اچھے نمبر حاصل کئے تھے۔