Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدسہ کے بغیر کام کرنے والا کیمرہ ایجاد کرلیا گیا

کیلیفورنیا ۔۔۔۔کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (کیلٹیک) میں ایرانی نژاد سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے دنیا کا سب سے پتلا کیمرہ ایجاد کرلیا ہے جس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کوئی عدسہ موجود ہی نہیں۔ اس ڈیجیٹل کیمرے کو عدسے کی ضرورت سے آزاد کرنے کے لیے انتہائی باریک ’آپٹیکل فیزڈ ایرے‘ (او پی اے) پر مشتمل ٹیکنالوجی وضع کی گئی ہے جس کا ننھا منا سرکٹ بہت کم جگہ استعمال کرتے ہوئے عین وہی کام کرتا ہے جو دوسرے کیمروں میں عدسے کے ذمے ہوتا ہے؛ یعنی روشنی کو حسبِ ضرورت کسی خاص مقام پر اور کسی خاص انداز سے مرکوز کرنا، تاکہ عکس حاصل کیا جا سکے۔اسے کیلٹیک کے تحقیقی انجینیئروں رضا فاطمی اور بہروز ابریزی نے پروفیسر علی حاجی میری کی نگرانی میں مشترکہ طور پر ایجاد کیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس کیمرے کا فوکس (ارتکاز) قریب سے دور کی چیز تک ایک سیکنڈ کے صرف ارب ویں حصے یعنی محض ایک فیمٹو سیکنڈ میں منتقل کیا جا سکتا ہے اور یہ ایک ایسی صلاحیت ہے جو اس وقت دنیا کے کسی دوسرے کیمرے میں اتنی تیز رفتاری کے ساتھ وجود نہیں رکھتی۔پروفیسر حاجی میری کہتے ہیں عدسے کی ضرورت نہ ہونے کی وجہ سے اس کیمرے کو اتنا زیادہ مختصر کیا جا سکتا ہے کہ جتنا اختصار کسی اور قسم کے کیمرے کے لیے فی الحال ممکن ہی نہیں۔ امید ہے کہ یہ کیمرے بہت ہی کم خرچ پر تیار کیے جا سکیں گے۔

شیئر: