جدہ (وسیم بخاری)پاکستان حج رضا کار گروپ کے مکہ مکرمہ یونٹ کے رضا کار علی اصغر چغتائی نے ایک پاکستان نژاد 77سالہ امریکی معتمر محمد عارف کو تلاش کر کے ان کے عزیزو اقارب تک پہنچا دیا۔ محمد عارف اپنے بیٹی اور داماد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کی نیت سے مکہ مکرمہ آئے ہوئے تھے۔ ان کے پاس کوئی شناختی دستاویز نہیں تھی۔پاکستان حج رضا کاروں کا ایک یونٹ جو رمضان المبارک سے ہی دیار مقدسہ میں ضیوف الرحمان کی خدمات میں پیش پیش رہتا ہے۔مکہ مکرمہ یونٹ نے گمشدگی کی اطلاع پاکر معمر معتمر کو ڈھونڈنے کی ذمہ داری اٹھائی اور پی ایچ وی جی کے سوشل میڈیا کے گروپس میں لاپتہ معتمر کے کوائف درج کر دیئے۔ روزنامہ اردونیوز میں بھی بازیابی میں مدد کی اپیل شائع ہوئی اسی روز مکہ مکرمہ یونٹ کے سرگرم رکن علی اصغر چغتائی نے جومکہ مکرمہ کی ایک کمپنی میں سیکیورٹی افسر ہیں معتمر کو تلاش کر لیا اور اطلاع فوری ڈپٹی کوآرڈینیٹر ضیاء الحفیظ کو پہنچائی گئی انہوں نے اہل خانہ سے رابطہ کر کے بازیابی کی خوشخبری سنائی۔تقریباً9دن سے بچھڑے ہوئے معتمر کی حالت ٹھیک نہیں تھی اور اہل خانہ بھی صدمے سے دوچار تھے۔ بحفاظت واپسی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے بعد اہل خانہ نے رضاکاروں کی خدمت میں انعام پیش کرنے کی خواہش کا اظہار کیامگر شکریہ کے ساتھ پیشکش مسترد کر دی گئی کہ ہم رضاکار یہ خدمات اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے انجام دے رہے ہیں۔ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی پاکستانی رضاکارگروپ کے اہلکار حرم مکی کے اطراف میں رہ کر ضیوف الرحمان کی خدمت کا فریضہ انجام د ے رہے ہیں۔