Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمام میں عربی خطاطی کی شاندار نمائش کا انعقاد

ٹیکنالوجی سے بھرپور روزمرہ زندگی میں عربی خطاطی کی نمائش ابدیت کی یاد دلاتی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عربین سوسائٹی فار کلچر اینڈ آرٹس ’نبضِ قلم‘ کے عنوان سے دمام میں خطاطی کی شاندار نمائش منعقد کی جا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق قطیف خطاطی گروپ  کے افراد جن میں 12 سالہ خطاط بھی شامل ہیں ان کا ہنر دیکھنے اور فن خطاطی میں دلچسپی رکھنے والے شائقین کے لیے نمائش 20 جنوری تک جاری رہے گی۔
قطیف خطاطی گروپ نے نمائش کے ساتھ خطاطی کے شوقین افراد کے لیے ورکشاپس اوردیگر دلچسپ سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا ہے۔
ورکشاپ میں حصہ لینے والے 14 سالہ حسین بزارون نے بتایا ’ڈھائی سال سے خطاطی کا شوق رکھتا ہوں اور یہ نمائش خطاطی کا شوق رکھنے والے دیگر نوجوان اور اُبھرتے ہوئے فنکاروں کے لیے بہترین موقع ہے۔
نمائش میں ’دیوانی‘ رسم الخط کی تربیت دینے کے لیے ماہر خطاط علی الخویلدی موجود ہیں جبکہ ’رقعہ‘ رسم الخط کی تعلیم کے لیے ان کے ساتھی خطاط حسن الردوان ہوں گے۔
خطاطی نمائش میں حصہ لینے والے نمایاں صلاحیتوں کے حامل 12 سالہ علی الکاظم بھی موجود ہیں جو عربی خطاطی کے قدیم فن کو فروغ اور تحفظ دینے کی غرض سےمحض ایک سال اور چند ماہ سے اس فن میں مہارت حاصل کر رہے ہیں۔

نمائش میں پیچیدہ لکیروں اور آرائشی نقوش کا دلکش امتزاج پیش کرنے والے مختلف قسم کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔ 
قطیف خطاطی گروپ کی میزبانی میں عربی خطاطی کو اسلامی اور فنکارانہ فن کی شکل میں فروغ دینے کے ساتھ مقامی فنکاروں اور قطیف کی ثقافتی زندگی کو ابھارا جا رہا ہے۔

قطیف خطاطی گروپ کے نائب صدر علی الخویلدی نے بتایا ’ میرے لیے خطاطی محض ایک شوق نہیں بلکہ سکون کا ذریعہ اور تخلیقی اظہار کا وسیلہ ہے اور ہم نمائش میں مقابلوں کے ذریعے خطاط کی نئی نسل تشکیل دے رہے ہیں۔

خطاطی گروپ کے سیکریٹری حسن البشراوی   نے عربی خطاطی کی منفرد کشش کو اجاگر کرتے ہوئے کہا یہ اسلامی تہذیب اور عرب ورثے کی عکاسی کے ساتھ دو اہم جمالیاتی خصوصیات کو یکجا کرتی ہے۔

ایسے دور میں جہاں ٹیکنالوجی روزمرہ زندگی پر حاوی ہے، عربی خطاطی کا نمائش ہمیں ہاتھ سے لکھی ہوئی آرٹ کی خوبصورتی، روحانیت اور ابدیت کی یاد دلاتی ہے۔
 

 

شیئر: