لکھنؤ (ظفر محمد )یوپی کی بی جے پی حکومت نے سابق سماج وادی حکومت کے ایک اور ڈریم پروجیکٹ پر زبردست ضرب لگاتے ہوئے پوری ریاست سے سائیکل ٹریک کو توڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس سلسلے میں وزیر شہری ترقیات سریش کھنّہ نے یہاں اخبار نویسوں کو بتایا کہ سائیکل ٹریک کا اس زمانہ میں کوئی فائدہ نہیں، اس پر صرف پیسے کی بربادی ہوئی ہے۔ چوں کہ سائیکل سماج وادی پارٹی کا انتخابی نشان ہے۔ اس لیے ان راستوں کو بنایا گیا تھا اس پر سماج وادی پارٹی کے ترجمان راجندر چودھری نے سخت ردّعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یوگی حکومت غریبوں کی دشمن ہے وہ نہیں چاہتی کہ غریب بائیسکل سے چلیں وہ انہیں پیدل کردینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے کئی ملکوں کو دیکھ کر اترپردیس میں سائیکل ٹریک تعمیر کرائے تھے تاکہ فضائی آلودگی شہروں میں کم ہو اور عوام کی صحت پر اچھا اثر پڑے۔ لکھنؤ میں تو کئی علاقوں میں عوام نے صبح چہل قدمی کے ساتھ سائیکل بھی چلانا شروع کردیا تھا۔ لیکن یوگی حکومت چوں کہ ماحولیات، غریبوں اور مزدوروں کی دشمن ہے اس لیے اسے سائیکل ہی ناپسند ہے پھر وہ سائیکل ٹریک کیسے برقرار رکھتی لیکن یہ یاد رکھیں کہ یوگی حکومت کو غریب عوام سخت جواب دیں گے۔