Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تعاون جاری رکھنے کے منتظر‘، ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شہزادی ریما کی شرکت

دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات اور سٹریٹجک پارٹنر شپ کی اہمیت اجاگر کی (فوٹو: ایس پی اے)
امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب کی نمائندگی کرتے ہوئے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شہزادی ریما بنت بندر نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات اور سٹریٹجک پارٹنر شپ کی اہمیت اجاگر کی۔
انہوں نے کہا کہ ’مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود نے تقریباً 80 برس قبل فروری 1945 میں امریکی صدر روزویلٹ سے ملاقات کی تھی، اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان مضوط تعلقات کی بنیاد رکھی گئی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کی حکومت امریکہ کے ساتھ مختلف شعبوں خاص طور پر مشرق وسطیٰ کو درپیش موجودہ چیلنجوں کے تناظر میں تعاون جاری رکھنے کی منتظر ہے۔‘
انہوں نے سعودی امریکی تعلقات کی گہرائی پر زور دیا جو کئی دہائیوں پر محیط ہے اور اس میں مختلف سیاسی اقتصادی اور ترقیاتی شعبے شامل ہیں۔
شہزادی ریما نے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’دونوں ممالک دوستی کی 80ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ سعودی قیادت کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دلی مبارکباد پیش کرنا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، ہم اپنے عوام، اپنے خطے اور دنیا دونوں کے فائدے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔‘
یاد رہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک ہاتھ اپنے والدہ کی جانب سے دیے گئے بائبل پر رکھ کر جب کہ دوسرا ہاتھ ہوا میں لہرا کر حلف لیا۔ صدر ٹرمپ سے حلف امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس سمیت امریکہ کے سابق صدور باراک اوباما، جارج بش اور بِل کلنٹن بھی موجود تھے۔
اس سے قبل تقریب میں شرکت کے لیے سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن اور ڈولڈ ٹرمپ ایک ساتھ وائٹ ہاؤس سے ایک ہی گاڑی میں کیپیٹل ہل پہنچے۔

 

شیئر: